جی ڈی اے کا پی ٹی آئی کی غیر مشروط حمایت کا اعلان


کراچی: گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) نے وزیراعظم، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے پاکستان تحریک انصاف کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔

گرینڈ ڈیموکریٹک  الائنس (جی ڈی اے) کے سربراہ پیر پاگارہ نے  پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وہ انتخابات سے پہلے بھی  پی ٹی آئی کی حمایت کر رہے تھے اور اب بھی تحریک انصاف کا غیر مشروط  ساتھ دیں گے، عمران خان کے لیے مشکلات پیدا نہیں کریں گے۔

اس موقع پر پی ٹی آئی کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حلقے کھولنے کے حوالے سے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا بیان قطعاً سیاسی نہیں تھا بلکہ یہ ایک ذمہ دارانہ بیان تھا، اب تک ملک بھر سے تقریباً 30 حلقے کھل چکے ہیں جبکہ ماضی میں ہمیں چار حلقے کھلوانے کے لیے کئی برس لگے تھے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ  کے عوام نے پیپلزپارٹی کے بجائے جی ڈی اے کو ووٹ دیے تھے، سندھ میں انتخابات کے دوران جی ڈی اے کو جو مشکلات درپیش تھیں ان کا مکمل ادراک ہے، پیپلزپارٹی کو پہلے سے زیادہ ووٹ ملے ہیں پھر بھی وہ احتجاج کر رہی ہے۔

اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے وفد نے کنگری ہاؤس میں پیرپاگارہ  سے ملاقات کی، وفد میں شاہ محمود قریشی، جہانگیر ترین، عارف علوی اور عمران اسماعیل شامل  تھے جبکہ ملاقات کے دوران پیرپاگارہ کے ہمراہ صدرالدین شاہ راشدی اور سردار رحیم موجود تھے۔


متعلقہ خبریں