چولستان میں تین بچیوں کی ہلاکت، تحقیقاتی کمیٹی تشکیل


لاہور: نگراں وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری کی ہدایت پر چولستان میں تین بچیوں کی ہلاکت کے واقعہ کی تحقیقات کے لیے 4 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق نگراں وزیراعلیٰ کی جانب سے بنائی جانے والی کمیٹی کی سربراہی نگراں صوبائی وزیر قانون ضیا حیدر کریں گے جبکہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، آر پی او ملتان  اور کمشنر بہاولپور ڈویژن کمیٹی کے ممبر ہوں گے۔

ذرائع نے بتایا کہ کمیٹی کے اراکین بہاولنگر کا دورہ کریں گے اور واقعہ کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیں گے۔

نگراں صوبائی وزیر قانون ضیا حیدر رضوی نے کہا کہ بچیوں کے جاں بحق ہونے کا واقعہ افسوسناک ہے، ان کا کہنا تھا کہ پیشہ ورانہ انداز میں تحقیقات کرکے حقائق کو سامنے لائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری تمام تر ہمدردیاں جاں بحق بچیوں کے لواحقین کے سا تھ ہیں۔

ذرائع کے مطابق  کمیٹی 7 روز میں اپنی رپورٹ نگراں وزیراعلی اور سینیٹ کی کمیٹی کو پیش کرے گی۔

کمیٹی کے سربراہ نے ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) ملتان اور کمشنر بہاولپور کو جائے وقوعہ پر جا کر حقائق جمع کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

12 جون 2018 کو جنوبی پنجاب میں واقع صحرائے چولستان سے تین کمسن بچیوں کی ریت میں دبی لاشیں برآمد ہوئی تھیں، ابتدائی رپورٹس کے مطابق بچیاں شدید گرمی میں ریت کے طوفان میں پھنس گئی تھیں، وہ تین دن تک بھوک  و پیاس کی حالت میں بھٹکتی رہیں اور زندگی کی بازی ہار گئیں۔

ذرائع کے مطابق اس واقعہ میں انتظامیہ اور پولیس نے بچیوں کی تلاش میں غفلت کا مظاہرہ کیا اور تین دن بعد بچیوں کی موت کے بارے میں معلوم ہوا۔


متعلقہ خبریں