عمران نذیر کی 5 سال بعد کرکٹ میں واپسی


لاہور: پاکستان کے جارح مزاج اوپننگ بلے باز عمران نذیر نے 5 سال بعد کرکٹ میں واپسی کا اعلان کردیا ہے۔

عمران نذیر نے کہا ہے کہ ما ضی میں بہت سی آفرز آئیں لیکن خرابی صحت کی وجہ سے نہیں کھیل سکا، اب پہلا ٹارگٹ فٹنس ہے، اس کے بعد پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)  سمیت کسی بھی لیگ سے آفر آئی تو ضرور کھیلوں گا۔

عمران نذیر جوڑوں کی بیماری کے باعث تقریباً  5 سال سے کرکٹ نہیں کھیل رہے۔

قومی ٹیم میں واپسی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ بہت سے اچھے کھلاڑی ٹیم میں شامل ہیں اب چیلنج ہے کہ اچھی کرکٹ کھیلوں اور ٹیم میں جگہ بناؤں۔

اپنے کیریئر کی میعاد کے حوالے سے کیے گئے ایک سوال کے جواب میں عمران نذیر نے کہا کہ اپنی فٹنس کا معیار دیکھ کر مستقبل کا فیصلہ کروں گا۔

انہوں نے مکمل سپورٹ کے لیے اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میرے مداح چاہتے تھے کہ واپس آؤں اس لیے لمبے عرصے بعد علاج مکمل کرا کر واپس آ رہا ہوں۔

اس موقع پر انہوں نے مشکل وقت میں مدد کرنے کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ اور شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کا شکریہ ادا کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ بچپن سے ہی کرکٹ کا شوق ہے اس لیے طویل جوائنٹ انجری کے بعد بھی بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کے لیے سخت محنت کررہا ہوں۔


متعلقہ خبریں