قومی اسمبلی کا اجلاس 13 اگست کو طلب

ن لیگ 20، پیپلز پارٹی کو 13 مخصوص نشستیں ملنے کا امکان

اسلام آباد: صدرمملکت ممنون حسین نے نو منتخب قومی اسمبلی کا اجلاس 13 اگست کو طلب کر لیا ہے۔

ذرائع  کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس نگراں وزیراعظم جسٹس ریٹائرڈ ناصرالملک کے مشورے پر طلب کیا گیا ہے، اجلاس میں نومنتخب ارکان اسمبلی حلف اٹھائیں گے۔

قومی اسمبلی کے پہلے اجلاس میں اراکین کے حلف لینے کے بعد اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب ہوگا اور اس کے بعد قائد ایوان کا انتخاب عمل میں آئے گا۔

اس سے قبل نگراں وفاقی وزیراطلاعات بیرسٹر علی ظفر نے کہا تھا کہ  آئین پاکستان کے مطابق 15 اگست تک ہر صورت قومی اسمبلی کا اجلاس بلانا ہو گا تاہم  یہ اجلاس 13 یا 14 اگست کو بھی طلب کیا جا سکتا ہے۔

آئین پاکستان کے آرٹیکل 91 کی شق 2 میں کہا گیا ہے کہ پولنگ کے دن کے بعد 21 ویں روز قومی اسمبلی کا اجلاس بلایا جائے گا تاہم اگر صدر مملکت چاہیں تو وہ اس سے پہلے بھی اجلاس بلا سکتے ہیں۔

 


متعلقہ خبریں