ناگوار جسمانی بو سے بیزار افراد یہ غذائیں ترک کر دیں

 ناگوار جسمانی بو سے بیزار ہیں تو یہ غذائیں ترک کردیں


اسلام آباد: میڈیکل سائنس کے مطابق تین عناصرجسمانی بو کا باعث بنتے ہیں، جینز، مجموعی صحت اور ذاتی صفائی، اس کے علاوہ آپ کی روز مرہ غذا بھی اس حوالے سے اہم کردار ادا کرتی ہے۔

ہماری روز مرہ زندگی  کی غذا کا  اثر سانس کی بو سے ہٹ کر جسمانی بو پر بھی ہوتا ہے، اس کے علاوہ غذا کو ہضم کرنے کا جسمانی نظام  بھی اس کا باعث بنتا ہے۔

اگر آپ  بھی  بہت سے لوگوں کی طرح پسینے کی ناگوار بدبو سے بیزار ہیں  اور اس سے چھٹکارا حاصل کرنا چاہتے ہیں تو یہ غذائیں اپنے کھانے میں کم سے کم استعمال کریں۔

پیاز:

پیاز کھانے کے یوں تو بہت سے طبی فوائد ہیں تاہم زیادہ مقدار یا ہر کھانے کے ساتھ اس کا استعمال جسم کی بدبو بڑھانے کا باعث بن سکتا ہے، یہ جسم میں جاکر سلفر کمپاﺅنڈ  کی شکل اختیار کر لیتی ہے جو جسمانی بو بڑھانے کا باعث بنتا ہے۔

لہسن:

ایک تحقیق کے مطابق لہسن میں موجود الیسین نامی مادہ جلد میں ناگوار بو کو بڑھا تا ہے، یہ جزو جسم میں جا کر چھوٹے  ٹکڑوں میں تقسیم ہو جاتا ہے اور دوسرے اجزا میں بدل کر پسینے میں بکٹیریا  کا باعث بنتا ہے جس سے جسمانی بو ناگوار ہو جاتی ہے۔

ٹماٹر:

ایک اور تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ ٹماٹر بھی جسمانی بو بڑھانے  پر اثرانداز ہوسکتے ہیں جس کی وجہ اس میں موجود ایک کیمیکل ہوتا ہے جو پسینے میں شامل ہو کر جسم کی بو بڑھاتا ہے۔

گوبھی:

گوبھی، بند گوبھی اور بروکولی  وغیرہ میں  بھی پیاز اور لہسن کی طرح سلفر کمپاﺅنڈ پایا جاتا ہے، یہ کمپاﺅنڈ جسم میں جذب ہو کر پسینے کا اخراج بڑھا دیتا ہے، ان سبزیوں کو کھانے کے ایک  گھنٹے بعد جسمانی بو زیادہ بدتر ہونے کا امکان ہوتا ہے۔

اگر ان سبزیوں کو زیادہ پانی میں پکاتے ہوئے ایک چٹکی نمک شامل کر دیا جائے تو ان میں موجود  بو بڑھانے والا کمپاﺅنڈ ختم ہو جاتا ہے۔

سرخ گوشت:

ایک  طبی تحقیق کے مطابق  سرخ گوشت کے رسیا افراد کی جسمانی بو پر یہ غذا منفی اثرات مرتب کرتی ہے، سرخ گوشت کا کم جبکہ سبزیوں کو زیادہ کھانا اس مسئلے کی شدت کم کرسکتا ہے۔


متعلقہ خبریں