کراچی میں بجلی کے تعطل سے پانی کی لائنیں پھٹ گئیں

کراچی میں نیا بحران،بجلی کے تعطل سے پانی کی لائنیں پھٹ گئیں | urduhumnews.wpengine.com

کراچی: کے الیکڑک کی جانب سے اچانک بجلی بند کیے جانے سے دھابیجی سے کراچی کو پانی فراہم کرنے والی لائن تین مقامات سے پھٹ گئی جس کے سبب گھارو، دھابیجی اور پپری پمپنگ اسٹیشن سے پانی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے۔

واٹر بورڈ کے ترجمان رضوان حیدر کا کہنا ہے کہ متاثر ہونے والی سپلائی لائن کی فوری مرمت کا آغاز کردیا گیا ہے، توقع ہے کہ مرمت کا کام آئندہ 24 گھنٹوں میں مکمل کر لیا جائے گا۔

رضوان حیدر کا کہنا ہے کہ سپلائی لائنیں پھٹنے کے بعد مرمت کی ہدایت ملتے ہی ہیوی مشینری اور اعلی حکام جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ہیں۔

ترجمان کے مطابق واٹربورڈ کے اہم پمپنگ اسٹیشنوں پربجلی کا تعطل اور وولٹیج میں کمی بیشی معمول بن چکی ہے، گزشتہ شب سے صبح تک وولٹیج میں پانچ بار خطرناک حد تک کمی بیشی ہوئی۔

رضوان حیدر کا صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بجلی کے کم زیادہ ہونے سے واٹربورڈ کے حساس اور قیمتی پمپس اور موٹروں کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بجلی کےبار بار تعطل سے شہر کو پانی کی متواتر فراہمی مشکل ہوچکی ہے، پمپنگ اسٹیشن کی بجلی پانچ گھنٹے بعد بحال کی گئی ہے.

پاکستان کے سب سے بڑے شہر کے مکینوں کو روزمرہ ضرورت کے لیے پانی فراہمی کے ذمہ دار ادارے کا کہنا ہے کہ چند گھنٹوں میں پانی کی سپلائی شروع کر دی جائے گی، جب کہ بجلی کے تعطل سے متاثر ہونے والی لائن کی مرمت کا کام 24 گھنٹوں میں مکمل ہو جائے گا۔


متعلقہ خبریں