لاہور: 1 ماہ میں 90 کلو منشیات، ہزاروں بوتل شراب برآمد

لاہور سے 1ماہ میں90کلومنشیات،ہزاروں بوتل شراب برآمد | urduhumnews.wpengine.com

لاہور: پنجاب کے دارالحکومت لاہور سے ماہ جولائی کے دوران 90 کلو سے زائد منشیات اور چھ ہزار سے زائد بوتل شراب برآمد کر کے مختلف جرائم میں ملوث درجنوں افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

لاہور پولیس آپریشنز ونگ کی جانب سے جاری کردہ کارکردگی رپورٹ میں جولائی 2018 کے دوران کی گئی کارروائیوں اور اقدامات کا احاطہ کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اسٹریٹ کرائم، ڈکیتی، راہزنی و منشیات فروشی کے خلاف کریک ڈاؤن میں 61 گینگز کے 152ممبران سے 64 لاکھ روپے سے زائد رقم برآمد کر کے متعلقین کے حوالے کی گئی ہے۔

ڈی آئی جی آپریشنز لاہور شہزاد اکبر کے مطابق شہر میں خفیہ اطلاعات پر ناجائز اسلحہ کے خلاف گرینڈ آپریشن کے دوران 431 ملزمان سے 42 رائفلز، پانچ کلاشنکوف،32 بندوقیں، 360ریوالورز، ایک کاربین اور5672 سے زائد گولیاں برآمد کی گئی ہیں۔

منشیات فروشی کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران 444 ملزمان گرفتار کرتے ہوئے چار کلو سے زائد ہیروئن، 85کلو سے زائد چرس، آدھا کلو سے زائد افیون اور 6460 شراب کی بوتلیں برآمد کی گئی ہیں۔

لاہور پولیس نے قمار بازی کے خلاف کارروائی کے دوران 433 ملزمان سے تین لاکھ روپے سے زائد رقم برآمد کی ہے۔

موٹرسائیکل کی ون ویلنگ میں ملوث 73، پتنگ بازی میں 74، ہوائی فائرنگ میں 19، گداگری میں95، پرائس کنٹرول میں 396، فارنر ایکٹ میں دو، میرج ایکٹ کی خلاف ورزی پر ایک اور لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی پر29 ملزمان گرفتار کیے گئے ہیں۔

ڈی آئی جی آپریشنز لاہور کے مطابق تمام ڈویژنل ایس پیز کو اسٹریٹ کرائم میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کا خصوصی ٹاسک دیا گیا ہے، جب کہ  شہر میں بھتہ خوری، ٹارگٹ کلنگ یا منظم جرائم پیشہ گروہ کی موجودگی کی ایک بھی شکایت نہیں ہے۔


متعلقہ خبریں