’ناچے رے‘ کے دلچسپ پس پردہ مناظر سے بھی ’پردہ‘ اٹھ گیا


اسلام آباد: مومنہ اینڈ درید پروڈکشنز کے بینر تلے بننے والی فلم ’پرواز ہے جنون‘ کے ہر دلعزیز گانے ’ناچے رے‘ کی شوٹنگ کے پس پردہ مناظر کی ویڈیو جاری کی گئی ہے جس میں اداکاروں اور پروڈکشن ٹیم کو گانے پر پرفارمنس کی تیاری کرتے اور ایک دوسرے کے ساتھ ہنسی مذاق کرتے دکھایا گیا ہے۔

ویڈیو ویب سائٹ یوٹیوب پر محض چار دنوں میں چھ لاکھ 25 ہزار ویوز حاصل کرنے والے گانے ’ناچے رے‘ کو مداح اس سال کے لیے شادیوں میں چلایا جانے والا بہترین گانا قرار دے رہے ہیں۔

پس پردہ مناظر (بی ٹی ایس یا بیہائنڈ دی سین) کی ویڈیو میں سحرانگیز شخصیت کے مالک فنکار حمزہ علی عباسی، چلبلی ہانیہ عامر، وجیہہ شخصیت کے مالک شاز علی اور حسین اداکارہ کبریٰ خان کو ’ناچے رے‘ پر پرفارم کرنے کی تیاری کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

مناظر میں واضح ہے کہ گانے کی تیاری کے دوران چاروں اداکار ناصرف آپس میں ہنسی مذاق جاری رکھے ہوئے ہیں بلکہ بھرپور انداز میں اپنے کردار سے انصاف کرتے بھی دکھائی دے رہے ہیں۔

ناچے رے کے پس پردہ مناظر میں ہم نیٹ ورک کی سربراہ سلطانہ صدیقی اور مومنہ درید کو گانے کی عکس بندی کے دوران ہر پہلو پر غور کرتے اور متعلقہ افراد کو ہدایات دیتے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

ویڈیو میں گفتگو کرتے ہوئے مومنہ اور درید پروڈکشنز کی چیف ایگزیکٹیو افسر مومنہ درید نے کہا کہ ہم ناچے رے کی شوٹنگ سے خاصے محظوظ ہو رہے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ عوام بھی اس فلم اور گانے کو اتنا ہی انجوائے کرے گی جتنا ہم نے اس کو بناتے ہوئے ٹیم نے کیا ہے۔

اداکار حمزہ علی عباسی کا کہنا تھا کہ ہم پرواز ہے جنون کے شادی والے گانے ناچے رے کی شوٹنگ کو بہت انجوائے کر رہے ہیں جب کہ خوبرو اداکارہ کبریٰ خان کا کہنا تھا کہ ہم صبح سے شوٹنگ میں مصروف ہیں اور اب رات کے اڑھائی بج گئے ہیں لیکن شوٹنگ جاری ہے۔ امید ہے کہ ہماری کاوش عوام کو پسند آئے گی۔

پرواز ہے جنون کا گانا ’ناچے رے‘ فلم میں شاز علی اور کبریٰ خان کی شادی کے موقع پر دکھایا جائے گا۔ ’ہم نیٹ ورک‘ کے بینر تلے بننے والا مومنہ اینڈ درید پروڈکشنز کا یہ شاہکار عید الاضحیٰ  پر ریلیز کیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں