اسد قیصر اسپیکر قومی اسمبلی، چوہدری سرورگورنر پنجاب نامزد

فوٹو: فائل


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے اسپیکر قومی اسمبلی کے منصب کے لیے سابق اسپیکر خیبرپختونخوا اسد قیصر اور گورنر پنجاب کے لیے چوہدری سرور کو نامزد کیا ہے۔

جمعہ کے روز اسلام آباد میں پارٹی اجلاس کے بعد ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے فیصلوں کے متعلق تفصیل سے آگاہ کیا۔

ن لیگ کی جانب سے ماضی میں گورنر پنجاب رہنے والے چوہدری سرور کو تحریک انصاف نے پنجاب کے گورنر کے لیے نامزد کیا ہے۔ ایک سوال پرانہوں نے واضح کیا  کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی اسپیکر پنجاب اسمبلی کے لیے ہمارے امیدوارہیں اور اس کا فیصلہ ہم پہلے ہی کرچکے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ سابق وزیراعلیٰ کے پی پرویز خٹک خیبرپختونخوا اور فاٹا میں پارٹی کے کوآرڈینیٹر کی حیثیت سے فرائض سرانجام دیں گے۔

پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما نے بتایا کہ وسطی پنجاب میں شفقت محمود، جنوبی پنجاب میں مخدوم شاہ محمود قریشی، شمالی پنجاب میں عامر کیانی، مغربی پنجاب میں چودھری سرور رابطہ کار ہوں گے۔

مخدوم شاہ محمود قریشی کے مطابق سندھ میں ڈاکٹر عارف علوی اور بلوچستان میں میر خان محمد جمالی کو ارکان قومی اسمبلی سے رابطوں کی ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں۔

پی ٹی آئی رہنماؤں نے اپنی گفتگو کے دوران نام لے کر حمایت کرنے والی تمام جماعتوں اور امیدواروں کا شکریہ ادا کیا۔


یہ فوری خبر ہے۔ مزید تفصیلات اور معاملے کے درست حقائق جاننے کے لئے اس صفحہ کو ریفریش کریں۔
متعلقہ خبریں