سندھ اسمبلی کا اجلاس 13 اگست کو طلب کر لیا گیا

August 10, 2018

کراچی: نگراں گورنر سندھ آغا سراج درانی نے سندھ اسمبلی کا اجلاس 13 اگست کو طلب کر لیا ہے۔

اس سے قبل نگراں وزیراعلیٰ سندھ فضل الرحمٰن نے نئی اسمبلی کا اجلاس بلانے کے لیے آغا سراج درانی کو سمری بھیجی تھی جس میں 12  یا 13 اگست کو صوبائی اسمبلی کا اجلاس بلانے کی تجویز دی گئی تھی۔

آغا سراج درانی نے سمری منظور کرتے ہوئے 13 اگست کو سندھ اسمبلی کا اجلاس طلب کر لیا جس میں نومنتخب ارکان اسمبلی حلف اٹھائیں گے۔

حالیہ انتخابات میں صوبہ سندھ سے پاکستان پیپلزپارٹی نے سادہ اکثریت حاصل کی تھی جس کے بعد پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو دوبارہ وزیراعلیٰ نامزد کیا تھا۔

سید مراد علی شاہ جولائی 2016 میں سید قائم علی شاہ کی جگہ وزیراعلی سندھ منتخب ہوئے تھے، پاکستانی قانون کے مطابق انہوں نے 2013 میں برطانیہ کی شہریت ترک کی تھی جس کے بعد وہ اپنے آبائی حلقہ سیہون سے رکن سندھ اسمبلی منتخب ہوئے، ان کے والد سید عبداللہ شاہ بھی وزارت اعلیٰ کے منصب پر فائز رہے ہیں۔

 

 

متعلقہ خبریں

ٹاپ اسٹوریز