پاکستان سے بہتر تعلقات کی امید ہے، بھارتی ہائی کمشنر


اسلام آباد: بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریہ نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات اب مثبت ڈگر پر چلنے کی امید  ہے جبکہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے امید ظاہر کی کہ سارک سربراہ اجلاس جلد اسلام آباد میں ہو گا۔

بھارتی ہائی کمشنر نے بنی گالا میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کی، انہوں نے عام انتخابات میں کامیابی پر عمران خان کو مبارکباد پیش کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

اجے  بساریہ نے عمران خان کو ایک بلا (بیٹ)  بطور تحفہ پیش کیا جس پر بھارتی کرکٹ ٹیم  کے کھلاڑیوں نے دستخط  کیے ہیں، اس موقع پر وائس چیئرمین تحریک انصاف  شاہ محمود قریشی، مرکزی سیکرٹری اطلاعات  فواد چوہدری، ڈاکٹر شیریں مزاری اور نعیم الحق بھی موجود تھے۔

عمران خان نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مختلف تنازعات بشمول مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے  پاک بھارت مذاکرات کی بحالی  پر زور دیا۔

اجے بساریہ نے پاک بھارت تعلقات میں مثبت دور کے آغاز کی امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور چیئرمین تحریک انصاف کے مابین ٹیلیفونک گفتگو سے نئی امید  نے جنم لیا ہے۔


متعلقہ خبریں