عمران خان 18 اگست کو وزیراعظم کا حلف لیں گے


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان 18 اگست کو اسلامی جمہوریہ پاکستان کے وزیراعظم کا حلف لیں گے۔

یہ بات سینیٹر فیصل جاوید  نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹویٹ میں بتائی ہے۔

پی ٹی آئی کے سینیٹر نے اپنے ایک بیان میں بتایا ہے کہ عمران خان کی تقریب حلف برداری میں بھارت کے سابق کرکٹرز کپل دیو اور نوجوت سدھو کو بھی مدعو کیا گیا ہے جبکہ 1992 میں ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کے علاوہ موجودہ  کرکٹ ٹیم  کے کھلاڑیوں کو بھی تقریب میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

بطور وزیراعظم عمران خان کے حلف اٹھانے کے لیے اس سے قبل 13 اگست اور بعد میں 15 اگست کے حوالے سے خبریں سامنے آتی رہی ہیں۔

صدر مملکت ممنون حسین نے قومی اسمبلی کا اجلاس 13 اگست کو طلب کر رکھا ہے، اس اجلاس میں نو منتخب اراکین اسمبلی حلف اٹھائیں گے جس کے بعد اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کا چناؤ کیا جائے گا۔

اس سے قبل کہا گیا تھا کہ وزیراعظم کے انتخاب کے لیے اجلاس یوم آزادی کے بعد طلب کیا جائے گا۔

ارکان اسمبلی کا حلف لینے اور اسپیکر اور  ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے بعد وزیراعظم کا انتخاب ہو گا جس کے لیے عمران خان کا مقابلہ اپوزیشن کے نامزد امیدوار شہباز شریف سے ہو گا۔

گرینڈ اپوزیشن الائنس نے  پیپلز پارٹی کے سید خورشید احمد شاہ کو اسپیکر قومی اسمبلی اور متحدہ مجلس عمل کے مولانا اسعد محمود کو ڈپٹی اسپیکر کا امیدوار نامزد کر رکھا ہے۔

پاکستان کے گیارہویں عام انتخابات میں قومی اسمبلی میں بڑی جماعت کے طور پر سامنے آنے والی تحریک انصاف کو ایم کیوایم، بی این پی (مینگل)، بی اے پی، عوامی مسلم لیگ اور ق لیگ سمیت متعدد آزاد امیدواروں کی حمایت بھی حاصل ہو چکی ہے۔

عمران خان کو عام انتخابات 2018 میں واضح اکثریت حاصل کرنے پر ناصرف ملکی اور غیرملکی شخصیات  اور پاکستانی کھلاڑیوں کی جانب سے مبارک باد کے پیغامات بھیجے گئے بلکہ بھارتی سابق کرکٹرز کی جانب سے بھی مبارک باد دی گئی تھی۔


متعلقہ خبریں