فیس بک کا ’فرینڈ لسٹ فیڈ‘ بند کرنے کا اعلان

فیس بک کا ’فرینڈ لسٹ فیڈ‘ بند کرنے کا اعلان

سان فرانسسکو: فیس بک انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ ’فرینڈ لسٹ  فیڈ‘  کا  فیچر صارفین کے لیے 9 اگست سے بند کر دیا گیا ہے۔

فیس بک  نے سب سے پہلے یہ اعلان اپنی ایپلی کیشن پر کیا، بعد ازاں فیس بک کے ترجمان نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ کم استعمال ہونے والے فیچرز بند کر رہے ہیں تاکہ اپنی توجہ نیوز فیڈ کو بہتر بنانے پر مرکوز رکھی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ صارفین ’فرینڈ لسٹ فیڈ‘  والا فیچر استعمال نہیں کر سکیں گے لیکن وہ اب بھی فرینڈ لسٹ بنا اور ایڈٹ کر سکیں گے، اسی طرح فیس بک صارفین اپنی نیوز فیڈ کو اپنی مرضی کے مطابق ترتیب دے سکتے ہیں۔

’فرینڈ لسٹ فیڈ‘  کے ذریعے صارفین اپنے مخصوص دوستوں، جن میں خاندان کے افراد، ہمسائے اور دیگر قریبی لوگ شامل ہیں، کی پوسٹوں کو ترتیب سے دیکھ  سکتے تھے، اس فیچر کی بدولت فیس بک پر بے ہنگم انداز میں پھیلی بے شمار پوسٹوں کے بجائے اپنے پسندیدہ افراد کی پوسٹیں ایک واضح ترتیب سے دیکھی جا سکتی تھیں۔

’فرینڈ لسٹ فیڈ‘  کا فیچر استعمال کرنے کے لیے فیس بک پر پہلے فرینڈ لسٹ بنائی جاتی تھی، یہ آپشن اب بھی موجود رہے گا جس کے ذریعے اپنے قریبی دوستوں یا فیملی ممبرز کے ساتھ اپنی تصاویر اور دیگر مواد شیئر کیا جا سکے گا۔

فیس بک نے 2011 میں اپنے ایک اعلامیے میں کہا تھا کہ 95 فیصد لوگ ’فرینڈ لسٹ فیڈ‘  کو استعمال نہیں کرتے چنانچہ فیس بک نے ’اسمارٹ لسٹس‘ کے نام سے ایک نیا فیچر متعارف کرایا جس کے ذریعے فیس بک اپنے صارفین کے دوستوں کو خود بخود ایک گروپ میں ڈال دیا کرتا تھا۔

اس کے باوجود فیس بک صارفین نے اس سے کوئی فائدہ نہیں اٹھایا اور زیادہ تر لوگوں کو اس کی موجودگی کا علم ہی نہیں تھا چنانچہ اب اس فیچر کو مستقل طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں