پیپلزپارٹی غیر مسلموں کے حقوق کا تحفظ کرتی رہے گی، زرداری

فوٹو: فائل


کراچی: سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری  نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی غیر مسلم  ہم  وطنوں سے امتیازی سلوک کی مزاحمت کرتی رہے گی۔

سابق صدر آصف علی زرداری نے اقلیتوں کے عالمی دن پر جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی غیر مسلم  ہم وطنوں کے حقوق کا دفاع کرتی رہے گی اور اس سے پہلے بھی کرتی رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کا دستور غیر مسلم شہریوں کو برابری کے حقوق دیتا ہے اور یہ پیپلزپارٹی ہی ہے جس نے پارلیمان میں غیر مسلم شہریوں کی نشستوں میں اضافہ کیا۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ 1973 کا آئین ملک کے تمام شہریوں کے حقوق کی ضمانت دیتا ہے۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے بیان میں کہا کہ غیر ملکی پاکستان کے برابر کے شہری ہیں اور پیپلز پارٹی نے  پہلی بار جنرل نشستوں پر تین غیر مسلم امیدواروں کو ٹکٹ جاری کیے جبکہ بے نظیر بھٹو نے اقلیتی امور کا شعبہ تشکیل دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں ہندو شادیوں کا بل بھی پیپلزپارٹی کا مرہون منت ہے جبکہ آصف علی زرداری نے 11 اگست کو اقلیتوں کے قومی دن کے نام سے منسوب کیا تھا۔

ملک بھر میں دس اگست کو اقلیتوں سے اظہار یکجہتی کا عالمی دن منایا گیا اس حوالے سے ملک بھر میں تقریبات کا بھی اہتمام کیا گیا جبکہ اسلام آباد میں منعقدہ تقریب سے صدر مملک ممنون حسین نے خطاب کیا۔


متعلقہ خبریں