14 اگست میں 3 روز باقی، آزادی کی تیاریاں عروج پر


اسلام آباد: قیام پاکستان کا دن قریب آتے ہی ملک میں  جشن آزادی اور اس سے متعلق سارے رنگ اختیار کرنے کا جذبہ بڑھتا جا رہا ہے، ملک بھر میں آزادی کے جشن کو منانے کی تیاریاں عروج پر ہیں۔ قوم 14 اگست بروز منگل کو اپنے قائد، تحریک پاکستان کے کارکنوں اور ان کی انتھک قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کو تیار نظر آتی ہے۔

ملک بھر کی تمام سرکاری اور غیر سرکاری عمارتوں کو سبز ہلالی جھنڈیوں اور برقی قمموں سے سجایا گیا ہے۔ بعض عمارتوں پر قومی ہیروز کی تصاویر بھی آویزاں کی گئیں ہیں جو جشن آزادی کا رنگ دوبالا کرتی دکھائی دیتی ہیں۔

آزادی کے سامان سے بھرے خصوصی اسٹالز نے بازاروں کو قیام پاکستان کے رنگ میں رنگ دیا ہے۔ اسٹالز پر موجود سبز ہلالی پرچم، جھنڈیاں، پاکستانی پرچم کے رنگوں سے مزین کپڑے، بیجیز بچوں کی توجہ لیے ہوئے ہیں۔ جگہ جگہ گونجتے ملی نغمے نوجوانوں کا جذبہ بڑھاتے دکھائی دیتے ہیں۔

ملک بھر میں جشن آزادی کی مناسبت سے مختلف مقامات پر سمینارز، کانفرنس، لیکچر اور قیام پاکستان کی جدوجہد پر مبنی تقاریر و مشاعروں کی تیاریاں بھی مکمل کی جا چکی ہیں۔

قیام پاکستان کی 72ویں سالگرہ سے محض تین روز پہلے جہاں اس دن کو منانے کی تیاریاں جاری ہیں وہیں یہ جذبہ بھی عروج پر ہے کہ وطن عزیز کو محفوظ اور باعزت مقام تک پہنچانے کے لیے ہر ممکن کوشش کر ڈالی جائے۔ نگاہیں بلندیوں پر رکھے، قدموں کو مضبوطی سے جمائے، آگے بڑھتے رہنے کی خواہش ایک خیال سے آگے بڑھ کر توانا جذبے کی شکل اختیار کرتی محسوس ہوتی ہے۔


متعلقہ خبریں