بغیر اجازت اڑایا گیا امریکی مسافر طیارہ تباہ


واشنگٹن: امریکی ہواباز کمپنی کا مسافر طیارہ مبینہ طور پر کمپنی ہی کے ایک ملازم نے بغیر اجازت اڑایا جو کچھ دیر بعد کیٹرون نامی جزیرے پر گر کر تباہ ہو گیا۔

واقعہ سے قبل یہ رپورٹس سامنے آئیں کہ ہوریزن کمپنی (الاسکا ایئر) کا ایک جہاز بغیر اجازت سی ٹیک ایئرپورٹ سے اڑایا گیا ہے جس کے بعد امریکہ کے بڑے فضائی اڈوں میں سے ایک پر دیگر جہازوں کے اڑان بھرنے پر پابندی عائد کر دی گئی تھی۔

ایئرپورٹ سے دیگر مقامات کی جانب طے شدہ سفر کرنے والے مسافروں کو فلائٹس روکنے جانے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا گیا تھا کہ ہوریزن ایئرلائن کا ایک جہاز بغیر اجازت اڑایا گیا ہے اور امریکی فضائیہ کے طیارے اسے روکنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ایک امریکی صحافی ایلیسن گرینڈے کا کہنا تھا کہ چیمبرز بے گالف کلب پر موجود کچھ لوگوں نے ایف 15 جنگی طیاروں کو بغیر اجازت اڑائے گئے جہاز کا تعاقب کرتے دیکھا ہے۔ انہوں نے دھواں اٹھتے اور دھماکے کی اونچی آواز بھی سنی ہے، عینی شاہدین کا خیال ہے ہوریزن ایئر کا طیارہ اینڈرسن جزیرے پر گر کر تباہ ہو گیا ہے۔

بغیر اجازت اڑایا گیا مسافر طیارہ گرنے کے بعد امریکی علاقے چیمبر بے سے لی گئی تصویر جس میں دھواں واضح ہے۔
بغیر اجازت اڑایا گیا مسافر طیارہ گرنے کے بعد امریکی علاقے چیمبر بے سے لی گئی تصویر جس میں دھواں واضح ہے۔

ایک اور امریکی صحافی گیری ہارچر نے معاملہ کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ طے شدہ پرواز کے لیے تیار جن جہازوں کو گراؤنڈ کرتے ہوئے پرواز سے منع کیا گیا تھا انہیں اب اڑان بھرنے کی اجازت دے دی گئی ہے جس کے بعد جہازوں کو اپنے سفر پر روانہ ہوتے دیکھا گیا ہے۔

سی ٹیک ایئرپورٹ کی جانب سے ٹوئٹر پر جاری کردہ پیغام میں کہا گیا ہے کہ ایک ایئرلائن کے ملازم نے مسافر طیارہ بغیر اجازت اڑایا جو جنوبی پگیٹ ساؤنڈ کے علاقہ میں گر کر تباہ ہو گیا ہے۔ پیغام میں واضح کیا گیا ہے کہ جہاز پر کوئی مسافر سوار نہیں تھا اور فضائی اڈے پر معمول کی سرگرمیاں بحال ہو چکی ہیں۔

ہوریزن ایئر کے ملکیتی ادارے الاسکا ایئر گروپ کی جانب سے بھی ٹوئٹر پر پیغام جاری کیا گیا جس میں کیو 400 مسافر طیارے کو بغیر اجازت اڑائے جانے کے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے یقین ظاہر کیا گیا ہے کہ جہاز پر کوئی مسافر سوار نہیں تھا۔

ایک الگ پیغام میں الاسکا ایئرلائنز کا کہنا تھا کہ ہوریزن ایئر کا کیو 400 طیارہ جو سی ٹیک ایئرپورٹ سے آٹھ بجے (امریکی وقت) بغیر اجازت اڑایا گیا تھا پئیرس کاؤنٹی میں واقع کیٹرون جزیرے میں گر کر تباہ ہو گیا ہے۔ جہاز میں کوئی مسافر یا عملے کا کوئی رکن سوار نہیں تھا۔

پئیرس کاؤنٹی شیرف آفس کی جانب سے جاری کردہ پیغام میں کہا گیا ہے کہ جہاز اڑانے والا 29 سالہ مرد تھا جو اسی علاقے کا مکین ہے۔ واقعہ کو خودکشی کی کوشش قرار دیتے ہوئے واضح کیا گیا ہے کہ یہ دہشتگردی کا معاملہ نہیں ہے۔ واقعہ میں ایک ہی فرد ملوث ہے کسی اور کا کردار نہیں ہے۔

سی ٹیک امریکی ہوائی اڈوں میں نواں مصروف ترین ایئرپورٹ شمار کیا جاتا ہے، جس نے گزشتہ برس چار کروڑ69 لاکھ مسافروں کو سفری خدمات فراہم کرنے کے علاوہ چار لاکھ 25 ہزار 800 میٹرک ٹن سامان بھی منتقل یا موصول کرنے کی سہولت فراہم کی۔

الاسکا ایئر کی جانب سے اپنی ملکیتی ہواباز کمپنی کے مسافر طیارے کے ساتھ پیش آنے والے واقعہ کے متعلق 43 سیکنڈ کا ویڈیو پیغام بھی جاری کیا گیا ہے جس میں ادارے کی چیف ایگزیکٹو افسر نے آفیشل موقف سے آگاہ کیا ہے۔


ہوریزن ایئر علاقائی ہواباز کمپنی ہے جو سی ٹیک، واشنگٹن سے مسافروں کو فضائی سفر کی خدمات فراہم کرتی ہے۔


متعلقہ خبریں