غزہ: اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے دو فلسطینی شہید


غزہ: اسرائیلی فوج کی نہتے مظاہرین پر فائرنگ سے دو فلسطینی شہید اور 300 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں، شہید ہونے والوں میں طبی امداد فراہم کرنے والا ایک کارکن اور 55 سالہ فلسطینی شہری شامل ہیں۔

فلسطینی وزارت صحت کے ترجمان اشرف القدرہ  نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیلی فوج نے ایک امدادی کارکن عبداللہ القططی کو سینے میں گولیاں ماریں جس سے وہ موقع پر ہی شہید ہوگیا۔

زخمی ہونے والوں میں دو صحافی اور طبی امداد فراہم کرنے والے پانچ کارکن بھی شامل ہیں۔ اسرائیلی فوج نے نہتے فلسطینیوں پر اس وقت فائرنگ کی جب وہ ’حق واپسی‘ کے سلسلہ میں پرامن احتجاج کررہے تھے۔

اسرائیلی فوج نے الزام لگایا ہے کہ مظاہرین کی جانب سے ایک ہینڈ گرینڈ پھینکا گیا تھا تاہم گرنیڈ حملے میں کسی قسم کا جانی و مالی نقصان نہیں ہوا۔

اسرائیلی فوج (آئی ڈی ایف) نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مظاہروں کے جواب میں حماس کے دو ٹھکانوں کو ٹینکوں سے نشانہ بنانا گیا ہے لیکن حماس کی جانب سے اس کی تصدیق نہیں ہو سکی۔

جمعرات کے روز بھی اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے تین معصوم فلسطینی شہری شہید ہوئے تھے جن میں ایک حاملہ عورت اور اس کی 18 سالہ بیٹی بھی شامل تھی۔ یورپی یونین کی جانب سے حاملہ عورت اور اس کی بیٹی کی شہادت پر روایتی افسوس کا اظہار کیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں