شاز خان بتاتے ہیں کہ ’پرواز ہے جنوں‘ کے دوران کیا ڈر تھا؟


اسلام آباد: مومنہ اینڈ درید پروڈکشنز کی فلم ’پرواز ہے جنوں’ کا مداحوں کو بے صبری سے انتظار ہے، ٹریلر کے منظر عام پر آتے ہی جہاں فلم کی دلچسپ کہانی نے لوگوں کی توجہ حاصل کی وہیں فلم کی کاسٹ نے بھی مداحوں کے دلوں میں گھر کیا ہے۔

اپنی منفرد اداکاری کے باعث نمایاں ہونے والے شاز خان نے مداحوں کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے ’پرواز ہے جنوں‘ میں اپنے کام اور اس سے جڑے تجربے کے بارے میں بتایا۔

شاز خان سے سوال کیا گیا کہ انہیں اپنا کردار ادا کرتے کس بات پر خوف محسوس ہوا؟ انھوں نے مسکراتے ہوئے بتایا کہ ’ اگر وہ ائیر فورس کے یونیفارم میں فٹ نہ آئے تو یہ ان کے لیے شرمندگی کا باعث ہوگا۔

پاکستان ایئر فورس کے متعلق فلم میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے شاز خان سے پوچھا گیا کہ فلم کی شوٹ کے دوران پاک فضائیہ اور اس کے جوانوں کے ساتھ منسلک رہ کر انہیں جوانوں کی کن تین چیزوں نے متاثر کیا؟ جواب میں انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ کا نظم و ضبط، ان کا عزم و ہمت اور جس حوصلے سے وہ جنگی طیارے اڑاتے ہیں یہ سب ایسی چیزیں تھیں جن سے وہ بہت متاثر ہوئے۔

ایک سوال کے جواب میں انھوں نے ذکر کیا کہ فلم کی شوٹنگ کے دوران یادگار لمحہ وہ تھا جب انھوں نے برف پر اسکینگ کی، پرواز ہے جنوں کے ٹائٹل سے متعلق سوال پر انھوں نے کہا کہ ان کا جنوں ان کی شریک حیات ہیں جنھوں نے اداکاری کے میدان سے لے کر زندگی کے ہرمیدان میں ان کا ساتھ دیا۔

شاز خان کے نام سے معروف شازلی حفیظ خان پاکستانی نژاد امریکی ہیں، انہوں نے فلموں میں اپنے کیرئیر کا آغاز پاکستانی فلم مور سے کیا تھا۔ وہ اس سے قبل ہم ٹیلی ویژن کے ڈرامے ’یقین کا سفر‘ میں نبھائے گئے کردار پر بھی خاصی داد وصول کر چکے ہیں۔

کیلیفورنیا میں پیدا ہونے والے شاز خان پیس یونیورسٹی اور پنسلوانیا اسٹیٹ یونیورسٹی کے گریجویٹ ہیں۔

’ہم نیٹ ورک‘ کے بینر تلے مومنہ اینڈ درید پروڈکشنز کی فلم ’ پرواز ہے جنوں ‘ عید الاضحیٰ  پر ریلیز کے لیے پیش کی جائے گی۔


متعلقہ خبریں