50 ہزار پولنگ اسٹیشنز پر آر ٹی ایس ایپ ناکام، رپورٹ


اسلام آباد: حالیہ انتخابات کے دوران رزلٹ ٹرانسمشن سسٹم (آر ٹی ایس) کی ناکامی کے بارے میں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ابتدائی رپورٹ مکمل کر لی ہے جس کے مطابق 50 ہزار سے زائد پولنگ اسٹیشنز پر آر ٹی ایس ایپلی کیشن کام نہیں کر رہی تھی۔

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کی ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ موبائل اور انٹرنیٹ سروس ہونے کے باوجود آر ٹی ایس ایپلی کیشن نے کام چھوڑ دیا تھا، کئی پریذائڈنگ افسروں نے اسے دوبارہ انسٹال کر کے انتخابی نتائج ارسال کیے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ریٹرننگ افسروں نے تمام پریذائڈنگ افسروں سے رپورٹ حاصل کر کے الیکشن کمیشن کو بھجوا دی ہے، الیکشن کمیشن کی رپورٹ آرٹی ایس تحقیقاتی کمیٹی کے سامنے پیش کی جائے گی۔

25 جولائی کو رات 11 بجے کے بعد آرٹی ایس ایپ نے کام چھوڑ دیا تھا جس کی وجہ سے ریٹرننگ افسروں تک پولنگ اسٹیشنز کے نتائج بروقت نہ پہنچ سکے، اپوزیشن کی تمام جماعتوں نے اس حوالے سے احتجاج بھی کیا تھا۔

الیکشن کمیشن نے آر ٹی ایس ایپ کی ناکامی کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے ایک تحقیقاتی کمیٹی قائم کی تھی جو اپنی تحقیق مکمل کر کے الیکشن کمیشن کو پیش کرے گی۔

 


متعلقہ خبریں