اسمبلی میں اپوزیشن کو میرٹ کے مطابق وقت ملے گا، اسد قیصر

اسد قیصر (asad qaisar)

اسلام آباد: قومی اسمبلی کے اسپیکر کے لیے پاکستان تحریک انصاف کے نامزد امیدوار اسد قیصر نے کہا ہے کہ وہ اسمبلی میں اپوزیشن جماعتوں کو میرٹ کے مطابق وقت دیں گے۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلنا اسپیکر کے فرائض کا حصہ ہوتا ہے، وہ اپوزیشن کو یقین دلاتے ہیں کہ ایوان کومشترکہ طور پر چلائیں گے اور قانون سازی میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر چلنے کی کوشش کریں گے۔

اسد قیصر نے کہا کہ قومی اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کے حمایتی ارکان کی تعداد 180 تک پہنچ گئی ہے، پی ٹی آئی میں کوئی اختلاف نہیں ہے، نئی حکومت عوام کے اعتماد پر پورا اترے گی۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی نے ان پر اعتماد کر کے ایک اہم عہدے کے لیے نامزد کیا ہے، وہ پارٹی قیادت کو مایوس نہیں کریں گے۔

نامزد اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ محمود خان، پرویزخٹک اور عاطف خان سمیت دیگر رہنما عمران خان کے ساتھ ہیں، سب مل کر ملک اور قوم کے لیے کام کر کے نیا پاکستان بنائیں گے۔

اسد قیصر کو پی ٹی آئی نے حال ہی میں قومی اسمبلی کے اسپیکر کے لیے نامزد کیا ہے، اس سے قبل وہ خیبرپختونخوا اسمبلی کے اسپیکر کے طور پر کام کر چکے ہیں۔


متعلقہ خبریں