قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کی 158 نشستیں ہو گئیں

پوسٹل بیلٹ پیپرز

اسلام آباد: خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستیں ملنے کے بعد پاکستان تحریک انصاف قومی اسمبلی میں 158 نشستوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے، پی ٹی آئی کی 125 جنرل نشستیں جبکہ خواتین کی 25 اور اقلیتوں کی پانچ نسشتیں شامل ہیں۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق مسلم لیگ نون قومی اسمبلی میں 82 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے، ان کے پاس 64 جنرل نشستیں، خواتین کی 16 جبکہ اقلیتوں کی دو مخصوص نشستیں ہیں۔

پیپلز پارٹی قومی اسمبلی میں 53  نشستوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے، پیپلز پارٹی کے پاس 42 جنرل، خواتین کی 9 اور اقلتیوں کی دو نشستیں ہیں۔

اسی طرح متحدہ مجلس عمل قومی اسمبلی میں 15 نشستوں کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے، ان کے پاس جنرل نشستیں 12، خواتیں کی 2 اور ایک نشست اقلیت کی ہے۔

متحدہ قومی موومنٹ کی قومی اسمبلی میں کل 7 نشستیں ہیں جس میں جنرل چھ اور خواتین کی ایک مخصوص نشست شامل ہے جبکہ مسلم لیگ ق کی قومی اسمبلی میں کل 5 نشستیں ہیں جس میں 4 جنرل اور ایک خواتین کی مخصوص نشست شامل ہے۔

بلوچستان عوامی پارٹی کے پاس اب قومی اسمبلی میں 4 جنرل اور ایک خواتین کی مخصوص نشست ہے اور بلوچستان نیشنل پارٹی کی قومی اسمبلی میں چار نشستیں ہیں جس میں تین جنرل اور ایک خواتین کی مخصوص نشست ہے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خواتین اور اقلیتوں کی 221 مخصوص نشستوں پر کامیاب قومی اور صوبائی ارکان اسمبلی کے نوٹیفکیشن جاری کر دیے ہیں، قومی اسمبلی کی 60 خواتین اور 10 غیر مسلموں کی نشستوں، پنجاب اسمبلی کی 66 خواتین اور 8 غیر مسلم نشستوں کے ارکان کے نوٹیفکیشن جاری کیے گئے۔

اسی طرح سندھ اسمبلی کے 29 خواتین اور 9 غیر مسلم نشستوں کے ارکان، خیبرپختونخوا اسمبلی کے 22 خواتین اور 3 غیر مسلم نشستوں جبکہ بلوچستان اسمبلی کے 11 خواتین اور 3 غیر مسلم نشستوں پر کامیاب امیدواروں کے نوٹیفیکشن بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔

قومی اسمبلی میں خواتین کی 60 مخصوص نشستوں میں سے تحریک انصاف کو 28 نشستیں ملیں جبکہ مسلم لیگ نون کو 16 اور پیپلزپارٹی کو خواتین کی 9 مخصوص نشتیں ملی ہیں۔

مذہبی جماعتوں کے اتحاد متحدہ مجلس عمل کو 2، گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس اور ایم کیو ایم پاکستان کے حصے میں ایک ایک خاتون کی مخصوص نشست آئی ہے۔

مسلم لیگ ق، بلوچستان عوامی پارٹی، بلوچستان نیشنل پارٹی کو بھی خواتین کی ایک ایک مخصوص نشست ملی ہے۔

قومی اسمبلی میں اقلیتوں کی 10 مخصوص نشستوں میں سے تحریک انصاف کو 5، مسلم لیگ نون اور پیپلزپارٹی کو 2 ، 2 جبکہ متحدہ مجلس عمل کو ایک نشست ملی ہے۔


متعلقہ خبریں