بیماری کے باعث شہزادی میگھن کی شادی میں نہیں گیا، ٹامس مارکل


لندن: ملکہ برطانیہ کے پوتے، شہزادہ ہیری کے سسر اور برطانوی شہزادی  ‘ڈچز آف سسکس’ میگھن مارکل کے والد ٹامس مارکل نے  وضاحت کی ہے کہ وہ بیماری کی وجہ سے بیٹی کی شادی میں شرکت نہیں کرسکے تھے۔

انہوں نے برطانوی میڈیا  کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے اپنی غیرموجودگی کی وضاحت کی اور شادی پر نہ بلائے جانے کی خبروں کی تردید کی۔

برطانوی جریدے ’دی سن‘ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ٹامس مارکل  نے پرانی غلطیوں کی معافی مانگی کہ انہوں نے اپنے داماد شہزادہ ہیری کے منع کرنے کے باوجود میڈیا  سے تعلقات برقرار رکھے اورپیسے لے کر برطانوی میڈیا کو شادی کی تصویریں فراہم کیں۔

خبروں کے مطابق جہاں ٹامس مارکل نے غلطیوں کی تلافی کرنا چاہی،  وہیں انہوں نے مزید متنازعہ باتیں بھی کیں، ٹامس مارکل کو ان کی بیٹی میگھن مارکل نے اپنی سوتیلی بہن سمانتھا سے بات چیت سے منع کر رکھا ہے لیکن ٹامس مارکل کا کہنا تھا کہ انہیں اپنی بیٹیوں میگھن اور سمانتھا  دونوں سے پیار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اختلافات کے باوجود وہ اپنی بیٹی میگھن اور داماد  شہزادہ ہیری کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے  ہیں۔

انہوں نے انکشاف کیا  کہ آخری مرتبہ اپنے داماد شہزادہ ہیری سے بات چیت کے دوران  سخت الفاظ کا تبادلہ بھی ہوا مگر بعد میں مفاہمت ہوگئی تھی۔

ٹامس مارکل کی باتوں سے یہ محسوس بھی ہوا  کہ شہزادہ ہیری امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حامی ہیں، ٹامس مارکل نے بتایا کہ جب انہوں نے شہزادہ ہیری سے ڈونلڈ  ٹرمپ کی شکایت کی تو ان کے داماد  نے ٹرمپ کو ایک موقع اور دینے کی تجویز پیش کی تھی۔


متعلقہ خبریں