گیلانی سے سیکیورٹی واپس لینا مجرمانہ فعل ہے،بلاول

عمران خان نے چوری کے ووٹوں سے حکومت بنائی، بلاول | urduhumnews.wpengine.com

فائل فوٹو


لاہور: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی سیکیورٹی واپس لینے کو صریحاً مجرمانہ فعل قرار دیا ہے۔ انہوں نے حکومت سے سوال کیا ہے کہ یوسف رضا گیلانی کی سیکیورٹی ہٹا کر کس کے لیے آسانیاں پیدا کی جارہی ہیں؟

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ کیا حکومت کو معلوم نہیں ہے کہ یوسف رضا گیلانی اور ان کا خاندان دہشت گردوں کے نشانے پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ  اسی طرح کے مجرمانہ عمل کے باعث علی حیدر گیلانی اور شہباز تاثیر دہشت گردوں کے ہاتھوں یرغمال ہوئے تھے۔

بلاول بھٹو زرداری نے مطالبہ کیا ہے کہ تحریری ضمانت دی جائے کہ گیلانی فیملی کو کچھ ہوا تو اس کی ذمہ دار حکومت ہوگی۔ ان کا کہنا ہے کہ عوام کو یہ بھی بتایا جائے کہ سیاسی قیادت کی سیکیورٹی ہٹانے کا فیصلہ کس نے اور کون سے اجلاس میں کیا؟

چیئرمین پی پی پی نے سوال کیا کہ  کیا آنے والے اُن حکمرانوں کی خواہش پر ایسا کیا جارہا ہے جنہوں نے دہشت گردوں کو بھائی کہا اور سرکاری خزانے سے کروڑوں روپے دیے۔

بلاول بھٹو زرداری  نے کہا کہ کیا ھارون بلور اور سراج رئیسانی کی حالیہ شہادتیں لمحہ فکریہ نہیں ہیں؟ انہوں نے سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی سمیت تمام سیاسی قیادت کے تحفظ کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔

لاہور پولیس کے  ترجمان کا کہنا ہے کہ سید یوسف رضاگیلانی و دیگرسیاسی وسماجی شخصیات سے غیرضروری سکیورٹی ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹی کی سفارشات اور سیکیورٹی اداروں کی مشاورت کے بعد واپس لی گئی ہے۔

ترجمان کے مطابق تمام سیاسی شخصیات سے سیاسی وابستگی کوبالائے طاق رکھتے ہوئے غیرقانونی وغیرضروری سکیورٹی واپس لی گئی ہے۔

ترجمان لاہور پولیس نے مشورہ دیا ہے کہ سیاسی شخصیات اپنی سیکیورٹی کے لیے مستند نجی سیکیورٹی کمپنیوں سے  خدمات حاصل کرسکتے ہیں۔


متعلقہ خبریں