پرواز ہے جنوں کے “شاہینوں” کی اسلام آباد میں اڑان


اسلام آباد: ہم نیٹ ورک اور مومنہ اینڈ درید پروڈکشنز کی فلم “پرواز ہے جنوں” کی مرکزی کاسٹ نے اسلام آباد کے سینٹورس مال اور جناح پارک میں واقع سینے پیکس میں پرستاروں سے ملاقات کے دوران ان کے دل موہ لیے۔

سینکڑوں کی تعداد میں جمع مداحوں نے سحرانگیز شخصیت کے مالک حمزہ علی عباسی، چلبلی ہانیہ عامر اور وجیہہ اداکار احد رضا میر کی چٹخارے دار گفتگو سے خوب لطف اٹھایا اور ان سے فلم اور ذاتی زندگی کے حوالے سے دلچسپ سوالات کیے۔


وفاقی دارالحکومت میں واقع سنٹورس مال میں مداحوں کی بڑی تعداد اپنے پسندیدہ ستاروں کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے بے تاب نظر آئی۔

مومنہ اینڈ درید پروڈکشنز کی فلم ’پرواز ہے جنوں‘  کی ریلیزمیں چند دن باقی ہیں،  فلم  کے ٹریلر نے پہلے ہی سوشل میڈیا سے لے کر بین الاقوامی میڈیا تک میں دھوم مچا رکھی ہے۔

’پرواز ہے جنوں‘  کے ٹریلر کے ساتھ  ساتھ  فلم کی موسیقی نے بھی خاصی داد وصول کی ہے، کامیاب تشہیری مہم کے ساتھ  ساتھ جاندار ٹریلر اور سپر ہٹ گانوں نے ریلیز سے پہلے ہی فلم کی مقبولیت کو چار چاند لگا دیے ہیں۔

فلم کے اب تک تین گانے منظرعام  پر آ چکے ہیں جن کی موسیقی نہایت دل آویز ہے اور انہیں  پاکستان کے مختلف حسین مقامات پر انتہائی مہارت و خوبصورتی سے فلمایا گیا ہے، تینوں نغمے ہر ایک کی زباں پر ہیں  اوراب شائقین  کو فلم کی ریلیز کا بے صبری سے انتطار ہے تا کہ اس کی دلچسپ کہانی کو جان سکیں۔

فلم کے مرکزی کرداروں کا کہنا ہے کہ مومنہ اینڈ  درید پروڈکشنز کے بینر تلے بننے والے ڈراموں اور فلموں کی کامیابی کی بڑی وجہ یہی ہے کہ ان کے ساتھ  کام کرنے والی  پروڈکشن ٹیم اور فن کاروں سمیت ہر شخص لگن، محنت اور جنوں سے کام کرتا ہے، اور ان سب کو یقین ہے کہ ’پرواز ہے جنوں‘  بھی لوگوں کے دلوں میں گھر کر جائے گی۔

’ہم نیٹ ورک‘ کے بینر تلے مومنہ اینڈ درید پروڈکشنز کی’ پرواز ہے جنوں‘ عید الاضحیٰ  پر سینما گھروں میں اڑان بھرے گی۔


متعلقہ خبریں