آزاد کشمیر میں بھی جشن آزادی کی تیاریاں عروج پر


مظفرآباد: پاکستان کی آزادی کا 71 واں جشن آزاد جموں اور کشمیر میں بھی بھرپور طریقے سے منایا جا رہا ہے۔

آزاد کشمیر میں جشن آزادی کے موقع  پر پاکستانی پرچموں کے  ساتھ کشمیر کے پرچم بھی نمایاں دکھائی دیتے ہیں جو اس بات کی گواہی دے رہے ہیں کہ کشمیری آج بھی تکمیل پاکستان کے لیے جدوجہد میں مصروف ہیں۔

آزاد کشمیر کے بازاروں میں جابجا پاکستانی پرچموں اور بیجز سمیت پاکستان سے منسوب دیگر اشیا کی فروخت جاری ہے جبکہ کشمیری بچے اور نوجوان بڑے فخر سے اپنے سینے  پر پاکستانی اور کشمیری پرچموں والے بیجز لگائے نظر آتے ہیں جو یہ بتانے کے لیے کافی ہے کہ کشمیریوں کے دل پاکستان کے ساتھ  دھڑکتے ہیں۔

کشمیر کے ہر گھر کو سبز ہلالی پرچموں اور جھنڈیوں سے سجایا گیا ہے جبکہ جگہ جگہ بچے ریلیاں نکالتے اور پاکستان  زندہ باد کے نعرے لگاتے نظر آ رہے ہیں جس سے یہ محسوس ہوتا ہے کہ گویا پاکستان آج آزاد ہو رہا ہے۔

آزاد کشمیر کے باسیوں کا پاکستان کے پرچم کے ساتھ  کشمیر کا پرچم لگانا اس بات کا اظہار ہے کہ وہ آج بھی اپنے مقبوضہ کشمیر کے بھائی بہنوں کو نہیں بھولے اور اپنی ہر خوشی میں خونی لکیر کے  پار انہیں یاد رکھتے ہیں۔

جہاں آزاد کمشیر میں ایک طرف جشن آزادی کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں وہیں مقبوضہ کشمیر میں شہدا کے جسد خاکی گزشتہ 71 سال سے سبز ہلالی پرچم میں دفنائے جا رہے ہیں اور کمشیری مائیں اپنے جگر کے ٹکڑوں کو ہر قربانی کے لیے تیار کر رہی ہیں۔

آزاد کشمیر کی طرح مقبوضہ کشمیر کے ہر بچے، نوجوان اور مرد و زن کی پاکستان سے محبت بے مثال ہے، یہی وجہ ہے کہ بھارت کے ظلم و بربریت کے باوجود کشمیری نوجوان پاکستانی پرچم لہرانے کو اپنے لیے فخر محسوس کرتے ہیں۔


متعلقہ خبریں