انڈونیشیا: لاپتہ طیارے کا ملبہ مل گیا، 12 سالہ بچہ محفوظ

انڈونیشیا طیارہ حادثے میں 12 سالہ بچہ محفوظ


جکارتا: انڈونیشیا میں ہفتہ کے روز لا پتہ ہونے والے طیارے کا ملبہ مل گیا ہے، خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق طیارے کا ملبہ پاپوا صوبے کی سرحد کے  قریب ملا  ہے۔

ایجنسی کے مطابق عملے کے دو ارکان  سمیت نو افراد طیارے میں سوار تھے، حادثے میں 8 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ 8 سال کا بچہ معجزانہ طور پر زندہ بچ گیا ہے،  بچے کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

ریسکیو اہلکاروں کے مطابق بچہ ہوش میں ہے اور اس کا نام جمیدی بتایا جاتا ہے تاہم صدمے کی کیفیت میں ہونے کے باعث فی الوقت واقعے کی تفصیلات بتانے سے قاصر ہے۔

سوئس ساختہ کمرشل طیارہ ’پلاٹس پی سی- 6‘  ہفتے کے روز پرواز بھرنے کے 45 منٹ بعد لاپتہ ہو گیا تھا، انڈونیشیا کے فوجی ریسکیو اہلکاروں کو جہاز کا ملبہ اوکسیبل ایئرپورٹ کے نزدیک ایک پہاڑی علاقے میں ملا۔

واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع  کردی گئی ہے تاہم عینی شاہدین کے مطابق جہاز گرنے سے قبل زوردار دھماکوں کی آواز بھی سنائی دی تھی۔


متعلقہ خبریں