چمن میں دھماکہ، ایک شخص جاں بحق 10 زخمی


چمن:  مال روڈ پر ایس ایس پی کے زیر تعمیر دفتر کےسامنے دھماکے سے ایک شخص جاں بحق اور 10 افراد زخمی ہو گئے ہیں، دھماکے کے باعث کئی گاڑیاں آگ لگنے سے تباہ  ہو گئیں جبکہ قریبی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ دھماکہ اسپیشل برانچ  پولیس کے سامنے  ہوا، پولیس ذرائع کے مطابق دھماکے میں ایک شخص کے جاں بحق اور 6  افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ دھماکے کے زخمیوں میں ایک بچہ اور دو سیکیورٹی اہلکار بھی شامل ہیں۔

پولیس اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پہنچیں جبکہ دھماکے کے فوری بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

حکام کے مطابق دھماکہ ریموٹ کنٹرول سے کیا گیا ہے، دھماکہ خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب تھا، دھماکے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ سیکیورٹی اداروں نے سرچ آپریشن شروع  کر دیا۔

پولیس کے مطابق دھماکے میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا جو وہاں سے گزر رہی تھی۔ دھماکے سے متعلق تحقیقات کی جارہی ہیں۔ دھماکے کا مقصد یوم آزادی کی تقریبات کو سبوتاژ کرنا ہے تاہم ہمارے حوصلے بلند ہیں۔

دھماکے کے باعث قریب کھڑی متعدد گاڑیوں کو آگ  لگ گئی جسے فائر بریگیڈ کی گاڑیوں نے موقع پر پہنچ کر بجھایا تاہم کئی گاڑیاں مکمل طور پر جل کر تباہ ہو گئیں۔

اب تک دھماکے کی ذمہ داری کسی بھی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔

20 جولائی کو بھی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہاؤس چمن کے سامنے نامعلوم دہشت گردوں نے موٹرسائیکل میں نصب بارودی مواد کے ذریعے سیکورٹی فورسز کی گاڑی  کو نشانہ بنایا تھا جس کے نتیجے میں چھ افراد زخمی  ہو گئے تھے۔


متعلقہ خبریں