پاکستان میں عیدالاضحیٰ بدھ 22 اگست کو ہو گی


اسلام آباد: پاکستان میں ذوالحج کا چاند نظر آ گیا ہے اور 22 اگست کو ملک میں عیدالاضحیٰ  مذہبی جوش و جذبے سے منائی جائے گی۔

چاند نظر آنے کا اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمان نے کمیٹی کے اجلاس کے بعد کیا، اجلاس میں محکمہ موسمیات اور اسپارکو کے نمائندوں نے بھی شرکت کی جبکہ صوبائی سطح  پر زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی ہوئے۔

مفتی منیب الرحمان نے چاند نظر آنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عیدالاضحیٰ  بدھ 22 اگست کو منائی جائے گی۔ رویت ہلال کمیٹی کو ملک بھر سے چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں۔

سعودی عرب میں ذی الحج کا چاند نظر آ گیا:

سعودی عرب، کویت اور افغانستان میں بھی ذوالحج کا چاند نظر آ گیا ہے، اس طرح  پیر 20 اگست کو حج  کا  رکن اعظم وقوف عرفہ پیر کو ادا کیا جائے گا جبکہ  اگلے روز منگل 21 اگست کو سنت ابراہیمی ادا کرتے ہوئے مسلمان عید الاضحیٰ منائیں گے۔

ملائیشیا، انڈونیشیا اور برونائی دارالسلام میں بھی چاند نظر آنے کا سرکاری اعلان کر دیا گیا ہے، ان ممالک میں عیدالاضحیٰ بدھ 22 اگست کو منائی جائے گی۔


متعلقہ خبریں