خورشید شاہ سے نامزد اسپیکر کے حق میں دستبردار ہونے کی درخواست


اسلام آباد: تحریک انصاف کے رہنما اور قومی اسمبلی کے اسپیکر کے امیدوار اسد قیصر نے کہا ہے کہ نئے پاکستان میں تعلیم اور صحت کی سہولتیں سب کے لیے یکساں ہوں گی۔

اسد قیصر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ ( ایم کیو ایم ) پاکستان، پیپلزپارٹی ( پی پی پی ) اور بلوچستان نیشنل پارٹی ( بی این پی ) مینگل گروپ کے وفود سے ملاقاتیں ہوئی ہیں جبکہ دیگر سیاسی جماعتوں سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے لیے پارلیمنٹ کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور اس وقت ملک کو معاشی چیلنجز سمیت متعدد مسائل کا سامنا ہے جس سے نمٹنے کے لیے یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔

اسد قیصر نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی رہنماؤں کو وزیراعظم کی تقریب حلف برداری میں شرکت کی دعوت دے رہے ہیں جبکہ مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف کا دعوت نامہ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کے حوالے کر دیا گیا ہے، امید ہے کہ  پارلیمانی رہنما وزیراعظم کی تقریب حلف برداری میں شریک ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے رہنماؤں سے ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی ہے جبکہ خورشید شاہ سے پی ٹی آئی کے امیدوار کے حق میں دستبردار ہونے کی درخواست کر دی ہے، امید ہے کہ پیپلزپارٹی ہماری درخواست پر غور کرے گی۔

نامزد اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ حزب اقتدار اور حزب اختلاف گاڑی کے دو پہیے ہیں اور یہ ایک دوسرے کے بغیر نہیں چل سکتے، تحریک انصاف پارلیمان کو مضبوط کرنے کی بات کر رہی ہے۔

اسد قیصر کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف پارلیمانی روایات کو بدلنا چاہتی ہے جس کے لیے اپوزیشن کا تعاون اشد ضروری ہے۔

تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان فواد چوہدری نے کہا کہ دیگر سیاسی جماعتوں سے آج ملاقاتوں کا مقصد تقریب حلف برداری کی دعوت دینا تھا، شہباز شریف اور خورشید شاہ کو تقریب حلف برداری کے دعوت نامے پہنچا  دیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دنیا عمران خان کو عالمی لیڈر کے طور پر دیکھ رہی ہے، ہم اپوزیشن جماعتوں کی مشاورت سے ہی آگے بڑھیں گے اور اپوزیشن کی تجاویز پر ضرور غور کیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں