لارڈز ٹیسٹ میں بھارت کو انگلینڈ کے ہاتھوں تاریخی شکست


لارڈز: انگلینڈ نے لارڈز ٹیسٹ میں بھارت کو ایک اننگز اور 159 رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 2-0  کی برتری حاصل کر لی ہے۔

دوسری اننگز میں بھارت کی پوری ٹیم 130 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، انگلینڈ کی جانب سے جیمز اینڈرسن نے دوسری اننگز میں چار اور میچ میں 9  کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ  دکھائی۔

لارڈز ٹیسٹ کا پہلا دن بارش کی نذر ہو گیا تھا، دوسرے دن ٹاس ہوا تو انگلینڈ کے کپتان جو روٹ نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

دوسرے روز بھی مسلسل بارش کے سبب صرف  35.2 کا کھیل ممکن ہو سکا تاہم یہ بھارتی ٹیم کو اکھاڑ پھینکنے کے لیے کافی تھا۔

پہلی اننگز میں بھارت کی پوری ٹیم محض 107 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، حیران کن طور پر بحیثیت اسپنر ٹیم میں شامل ہونے والے روی چندرن ایشون 29 رنز بنا کر نمایاں رہے، کپتان ویرات کوہلی نے 21  رنز بنائے۔

تیسرے دن کا کھیل شروع ہوا تو انگلینڈ کے بلے باز مشکل میں دکھائی دیے اور ابتدائی چار بلے باز محض 99 رنز پر پویلین لوٹ گئے، بعد میں آنے والے بلے بازوں نے تیزی سے تبدیل ہوتی کنڈیشنز کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کھیل کے اختتام تک اسکور 357/6  تک پہنچا دیا، جونی بیئراسٹو (93)  بنا کر آؤٹ ہوئے۔

چوتھے دن کے کھیل کے آغاز میں انگلینڈ کے بلے بازوں نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور پہلے ہی گھنٹے میں اسکور کو 396/7 پہنچا دیا، سیم کرن (40)  کے آؤٹ ہونے پر کپتان  جو روٹ نے اننگز ڈیکلیئر کر دی، آل راونڈر  کرس ووکس نے کیریئر کی پہلی سینچری بنائی اور 137  رنز پر ناٹ آوٹ رہے، اس طرح انگلینڈ کو 289 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہو گئی۔

بھارتی ٹیم  کے بلے باز دوسری اننگز میں بھی ناکام  ثابت ہوئے اور پوری ٹیم نے 130 رنز پر آؤٹ ہو کر ایک اننگز 159 رنز کی فتح انگلینڈ کی جھولی میں ڈال دی، اس اننگز میں بھی ایشون نے سب سے زیادہ 33 رنز بنائے۔


متعلقہ خبریں