خیبرپختونخوا اسمبلی اراکین آج حلف اٹھائیں گے

پختونخوا اسمبلی

پشاور: پاکستان کے گیارہویں عام انتخابات میں کامیاب ہونے والے اراکین خیبرپختونخوا اسمبلی کی حلف برداری کے لیے اسمبلی کا افتتاحی اجلاس آج ہوگا۔

صوبائی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر قومی اسمبلی میں حلف اٹھائیں گے جس کے باعث خیبرپختونخوا اسمبلی اجلاس کی صدارت پاکستان مسلم لیگ ن کے سردار اورنگزیب نلوٹھہ کریں گے۔

حلف اٹھانے کے بعد اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے عہدوں کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جائیں گے اور شیڈول کا اعلان ہوگا۔ شیڈول کے مطابق اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب خفیہ رائے شماری سے کیا جائے گا۔

مجموعی طور پر 124 میں سے 111 اراکین آج حلف اٹھائیں گے۔ خیبرپختونخوا میں دو حلقوں پرانتخابات ملتوی ہوئے ایک پر خواتین ووٹرز کی پانچ فیصد شرح پوری نہ ہونے کے سبب نتائج معطل کیے گئے ہیں۔

صوبائی اسمبلی کی سات نشستیں امیدواروں کی جانب سے چھوڑنے پر دوبارہ انتخابات منعقد ہوں گے، پی ٹی آئی کی جانب سے خواتین کی دو مخصوص نشستوں پر بھی نام نہیں دیے گئے ہیں۔

حلف لینے والوں میں پاکستان تحریک انصاف کے 76، متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے) کے 13، پاکستان مسلم لیگ ن کے پانچ، پاکستان پیپلز پارٹی کے پانچ، عوامی نیشنل پارٹی(اے این پی) کے آٹھ، مسلم لیگ ق کا ایک اور تین آزاد ارکان شامل ہیں۔

عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف صوبہ میں واضح برتری لینے میں کامیاب ہوئی ہے اور توقع ہے کہ پی ٹی آئی وزیر اعلیٰ، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے عہدوں پر اپنے امیدواروں کو بغیر کسی رکاوٹ کے منتخب کرا لے گی۔

وزیر اعلیٰ کے پی کے لیے پاکستان تحریک انصاف نے سوات سے نو منتخب رکن صوبائی اسمبلی محمود خان کو نامزد کیا ہے۔


متعلقہ خبریں