ملک پہ سرمئی بادلوں کا ڈیرہ:بارش کی پیشن گوئی


اسلام آباد: ملک کے اکثر علاقے بادلوں کی لپیٹ میں ہیں ۔ محکمہ موسمیات نے آج اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، پشاوراور بنوں سمیت دیگرعلاقوں میں بارش کی پیشن گوئی کی ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کالی گھٹاہیں چھائی ہوئی ہیں، بادلوں نے سورج کو چھا رکھا ہے اور دھوپ کا نام و نشان تک نہیں ہے۔ گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ گیا ہے۔

اسلام آباد اور راولپنڈی میں گزشتہ شب ہونے والی بارش سے جڑواں شہروں کا موسم انتہائی دلکش ہوگیا ہے اور گرمی و حبس کا زور ٹوٹ گیا ہے۔ ہم نیوز کے مطابق محکمہ موسمیات نے آج بھی جڑواں شہروں میں بارش کی پیشن گوئی کی ہے۔

سرمئی بادلوں نے لاہورپہ ڈیرے ڈالے تو سخت گرمی اورشدید حبس شہرسے رخصت ہوگئے۔  حسین موسم سے گرمی کے ستائے شہری بھرپور انداز سے لطف اندوز ہورہے ہیں۔ ہم نیوز کے مطابق محکمہ موسمیات نے آج شہر میں بارش کا امکان بھی ظاہر کیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہورکا کم سے کم درجہ حرارت 27 اورزیادہ سے زیادہ 37 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق اہلیان لاہور کے لیے محکمہ موسمیات نے خوشخبری سنائی ہے کہ آئندہ دو دن تک بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔

ناروال میں بارش اورٹھنڈی ہواؤں کی وجہ سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے۔ صوابی میں موسلا دھار بارش کے باعث برساتی نالوں میں طغیانی آگئی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق محکمہ موسمیات نے گوجرانوالہ، فیصل آباد، مالاکنڈ، ہزارہ،  پشاور، کوہاٹ، بنوں اور مردان میں بھی بارش کی پیشن گوئی کی ہے۔


متعلقہ خبریں