عید کے چاند نے مویشی منڈیوں کا رش بڑھا دیا

عید کے چاند نے مویشی منڈیوں کا رش بڑھا دیا | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: ذوالحج کا چاند نظر آتے ہی ملک بھر خصوصا کراچی اور لاہور کی مویشی منڈیوں میں خریداروں کی آمد تو بڑھی ہے ہی لیکن ساتھ ہی جانوروں کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔

کراچی کی مویشی منڈی میں اب تک ڈیڑھ لاکھ سے زائد گائے اور بیل، 50 ہزار کے قریب بکرے اور دوہزار سے زائد اونٹ لائے جاچکے ہیں۔

خواتین اور بچوں سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے مویشی منڈی کا رخ تو کیا مگر آسمان کو چھوتی قیمتوں کے باعث محض ونڈو شاپنگ پر ہی اکتفا کرتے رہے۔

کراچی کی مویشی منڈی کے وی آئی پی بلاک میں  قائم بینکوئٹ ہال کو بھی خصوصی اہمیت حاصل ہے جس کا ٹھنڈا ماحول نہ صرف شہریوں بھاتا ہے بلکہ یہاں موجود قیمتی اور نایاب مویشی بھی  اپنی جانب آنے والوں کی توجہ مبذول کراتے ہیں۔

لاہور کی مویشی منڈی

لاہور کی مویشی منڈی میں بھی خریداروں کا رش بڑھ گیا ہے تاکہ اپنا من پسند جانور خرید کر کچھ دن ان کی خدمت کی جا سکے۔ اتوار کے بعد پیر کے روز بھی مویشی منڈیوں تک پہنچنے والوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

ہر سال کی طرح خریدار رواں برس بھی جانوروں کی قیمتوں میں اضافے کی شکایت کرتے نظر آرہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال کی نسبت اس بار جانوروں کی قیمیتیں زیادہ ہیں۔

دوسری جانب بیوپاریوں کا مؤقف ہے کہ جانوروں کی دیکھ بھال اور ٹرانسپورٹ اخراجات میں اضافے کے سبب قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔

مویشی منڈیوں سے متعلق افراد کا کہنا ہے کہ سنت ابراہیمی کی ادائیگی کے دن قریب آنے کے ساتھ ساتھ  قیمتوں اور خریداروں کے رش میں اضافہ ہوگا اور بھاؤ تاؤ کا سلسلہ عید الضحیٰ تک جاری رہے گا۔


متعلقہ خبریں