پہلی عید اسپیشل 19 اگست کو کراچی سے روانہ ہو گی


کراچی: پاکستان ریلویز نے عیدالاضحیٰ  کے موقع  پرعوام کے اضافی رش کے پیش نظر مختلف شہروں سے 5 اسپیشل ٹرینیں چلانے کا اعلان کیا ہے۔

ترجمان پاکستان ریلویز نے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) پاکستان ریلوے  محمد آفتاب اکبر کی منظوری کے بعد ٹرینوں کا باقاعدہ شیڈول جاری کر دیا ہے۔

شیڈول کے مطابق پہلی عید اسپیشل 19 اگست کو کراچی سٹی سے دن 10 بجے پشاور جبکہ  دوسری اسپیشل ٹرین کوئٹہ سے 19 اگست کو صبح 7  بجے راولپنڈی کے لیے چلے گی۔

شیڈول کے تحت تیسری اسپیشل  ٹرین 20 اگست کو صبح 11 بجے کراچی کینٹ سے لاہور اور چوتھی ٹرین 21 اگست کو راولپنڈی سے صبح  7  بجے ملتان کے لیے روانہ ہو گی۔

پانچویں اسپیشل ٹرین ملتان کینٹ سے راولپنڈی کے لیے چلائی جائے گی جو 25 اگست کو  صبح 7 بجے روانہ ہو گی۔

ذرائع  کے مطابق عید کے موقع  پر اسپیشل ٹرینوں کے علاوہ دیگر ٹرینوں میں بھی اضافی بوگیاں لگائی جائیں گی۔

ملک کے بڑے شہروں میں روزگار کی غرض سے مقیم عوام کی بڑی تعداد عید کے موقع  پر اپنے آبائی علاقوں کا سفر کرتے ہیں جس کے پیش نظر پاکستان ریلویز ہر سال عیدین کے موقع  پر خصوصی ٹرینیں چلاتی ہے۔


متعلقہ خبریں