عمران کا حلف، سدھو ویزے کے باوجود مودی کی اجازت کے منتظر

تقریب حلف برداری، نوجوت سدھو کو پاکستان کا ویزہ جاری|humnews.pk

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی بطور وزیراعظم تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سدھو کو پاکستان کا ویزہ جاری کردیا گیا ہے جبکہ لٹل ماسٹر سنیل گواسکر نے پاکستان آنے سے معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ مودی سے پوچھ  کر جواب دیں گے۔

اطلاعات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما فیصل جاوید نے نوجوت سدھو کو فون کیا جس کے جواب میں بھارتی کرکٹر نے ان کا شکریہ ادا کیا لیکن وہ بھی ابھی مودی سرکار کی اجازت کے منتظر ہیں۔

بھارتی کرکٹر کو عمران خان کی حلف برداری کی تقریب میں مدعو کیا گیا ہے تاہم بھارتی کھلاڑی نے اپنی حکومت کی اجازت کے بغیر ابھی تک پاکستان آنے کا کوئی عندیہ نہیں دیا۔

دوسری جانب بھارتی بلے باز سنیل گواسکر نے کہا ہے کہ انہیں پاکستان کے متوقع  وزیرِاعظم عمران خان کی  تقریب حلف برداری میں شرکت کا دعوت نامہ موصول  ہو گیا ہے تاہم تقریب میں شرکت کا فیصلہ اپنی حکومت سے مشورے  کے بعد کریں گے۔

بھارتی ٹی وی چینل ’انڈیا ٹی وی‘  سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ تقریب میں شرکت کا دعوت نامہ ملنا فخر کی بات ہے تاہم  انگلینڈ اور بھارت کے درمیان جاری ٹیسٹ سیریز کی وجہ سے  وہ خاصے مصروف ہیں لہٰذا تقریب میں شرکت کے حوالے سے اب تک کوئی فیصلہ نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ وہ جو بھی فیصلہ کریں گے اپنی حکومت کے مشورے سے کریں گے۔


متعلقہ خبریں