‘سرسبز و شاداب پاکستان’ شجر کاری مہم کا افتتاح


راولپنڈی: افواج پاکستان کے سربراہ  جنرل قمر جاوید باجوہ نے قومی شجرکاری مہم کے سلسلے میں پاکستان آرمی کے ‘سرسبز و شاداب پاکستان’ مہم کا آغاز پودا  لگا کر کیا ۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پیر کے روز جنرل قمر جاوید باجوہ  نے اپنی اہلیہ  کے ہمراہ  پودا لگا کر ملک گیر ’سرسبز و شاداب پاکستان‘  شجر کاری  مہم کا افتتاح  کر دیا۔

آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور کے مطابق پاک فوج کی جانب سے شجر کاری مہم میں بھرپور حصہ لیا گیا  اور پہلے دن ملک بھر میں 20 لاکھ  پودے لگائے گئے۔

اس سال مون سون  سیزن کے دوران مجموعی طور ایک کروڑ درخت لگانے کا ہدف رکھا گیا ہے اور اس شجرکاری مہم کو ‘سرسبز و شاداب پاکستان’ کا نام  دیا گیا ہے۔

میرپور آزاد کشمیر میں کور کمانڈر منگلا لیفٹینٹ جنرل اظہر صالح عباسی نے پودا لگا کر شجر کا ری مہم کا آغاز کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کور کمانڈر منگلا  نے کہا ‘سرسبز و شاداب پاکستان’  کے سلسلے میں آزاد کشمیر میں 10 لاکھ پودے لگائے جائیں گے، جنرل عباسی نے کہا کہ 70  فیصد اسٹریٹیجیک شجرکاری ہو گی جبکہ 30 فیصد شجر کاری کینٹ کی حدود میں کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج اپنی پیشہ ورانہ عسکری خدمات کے ساتھ  ساتھ جنگلات لگانے کا  قومی فریضہ بھی ادا کرے گی۔

مہم کے پہلے روز جڑی کس کینٹ، نکودر، سالک شہید کینٹ اور چک دولت کینٹ میں بھی پودے لگائے گئے۔


متعلقہ خبریں