ارکان اسمبلی کے احساس و جذبات، ثمر عباس کے ساتھ


اسلام آباد: قومی اسمبلی کے نو منتخب رکن قومی اسمبلی اور خیبرپختونخوا کے سابق اسپیکر صوبائی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کا مضبوط ہونا نیک شگون ہے، اپوزیشن جتنی مضبوط  ہوتی ہے، حکومت اتنی شفاف ہوتی ہے۔

پارلیمنٹ کے باہر ’پاکستان ٹو نائٹ‘  کے میزبان  ثمرعباس سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ ہم نے خیبرپختونخوا اسمبلی میں سب سے زیادہ بلز پاس کیے اور عوام کے لیے کام کیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا کہ ہماری حکومت پارلیمان کو اہمیت دے گی، آج اپوزیشن نے حلف لیا جو ایک مثبت آغاز ہے،  ہم اس کی حوصلہ افزائی کریں گے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ بڑی سیاسی جماعتوں کے مثبت رویے کو دیکھ کر خوشی ہوئی۔

تحریک انصاف کے ٹکٹ پر رکن قومی اسمبلی منتخب ہونے والے ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے کہا کہ اسمبلی میں سب سے پہلے نبی پاک ﷺ پر بنائے گئے خاکوں کے خلاف مذمتی تحریک سامنے لا رہے ہیں اور جمعے کی چھٹی کے حوالے سے بل پاس کرنے کی کوشش کریں گے۔

ق لیگ کے رکن قومی اسمبلی طارق بشیر چیمہ کا کہنا تھا کہ جب تک ہم اندر سے صاف ہیں، ہمارے ارادے مضبوط ہیں، تب تک پارلیمنٹ کی بالادستی کے خلاف کوئی نہیں جا سکتا، انہوں نے کہا کہ تگڑی اپوزیشن حکومت کی شفافیت میں اہم کردار ادا کرے گی۔

رکن قومی اسمبلی شاہ زین بگٹی کا کہنا تھا کہ ہماری اولین ترجیح پاکستان کو کرپشن سے پاک کرنا ہے جس کے لیے بل پیش کریں گے اور عمران خان یقیناً ہماری حمایت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی سیاست دان کو کرپشن میں 25 سال قید کی سزا سنانے کی درخواست کریں گے جس کے بعد اس کے گھر یا خاندان میں سے کوئی بھی بیوروکریسی میں نہ آ سکے۔

سابق وفاقی وزیر اور نو منتخب رکن قومی اسمبلی احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کے اندر اور باہر ذمہ دار اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے، اب تحریک انصاف 100 دن میں اپنا ایجنڈا  پورا  کر کے دکھائے، ملک چلانا اناڑیوں کا کام نہیں۔

انہوں نے کہا کہ جہاں ملکی مفاد کا سوال ہوگا، وہاں پورا ایوان متحد ہو گا لیکن جہاں جمہوریت کی بات ہوگی وہاں ہم مضبوط اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے، ہم احتساب کے حق میں ہیں اور چاہتے ہیں کہ کرپشن  پر بے لاگ احتساب ہونا چاہیے لیکن احتساب کو سیاست کا رنگ نہیں دینا چاہیے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کی نو منتخب رکن قومی اسمبلی نفیسہ شاہ کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی جمہوری اداروں کی بالادستی پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گی، ہم دھاندلی کے خلاف احتجاج اپوزیشن میں کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم ان کے 100 روزہ پلان پر نظر رکھیں گے، دیکھیں گے کہ انہوں نے جو نئے پاکستان کے دعوے کیے اگر ان پر یوٹرن لیا تو ہم انہیں یاد دلائیں گے۔

متحدہ مجلس عمل کی رکن قومی اسمبلی عالیہ کامران نے کہا کہ ہماری ڈوریں باہر سے ہلائی جا رہی ہیں، ایسے میں پارلیمنٹ کی بالادستی قائم  نہیں ہو سکتی، انتخابات میں بھی عوام کا مینڈیٹ چوری کیا گیا، ان کا کہنا تھا کہ انتخابات کی غیر شفافیت کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کراتے رہیں گے۔

تحریک انصاف کے ٹکٹ پر رکن قومی اسمبلی منتخب ہونے والے فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنے نوجوانوں کی صلاحیتوں پر یقین کرنا ہوگا اور ان کو  کو ساتھ  لے کر چلنا ہے،  انہوں نے کہا کہ  ملک میں بے روزگاری کی شرح جرائم میں اضافہ کر رہی ہے، ہم نے اسے ختم کرنا ہے۔

متحدہ مجلس عمل کے نوجوان ایم این اے اسد محمود کا کہنا تھا کہ ہم ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب جیتنے کی بھرپور کوشش کریں گے، انہوں نے کہا کہ ہم عدلیہ اور دیگر اداروں کو دباؤ سے نکالنے کی کوشش کریں گے اور اسلامی تشخص کو برقرار رکھیں گے۔

معروف صحافی و تجزیہ کار سی آر شمسی کا کہنا تھا کہ اس اسمبلی سے پاکستان کے نوجوانوں کی بھی بہت سے امیدیں ہیں، پہلے یہ افواہیں تھیں کہ الیکشن نہیں ہوں گے لیکن بہت سی غیر یقینی کی کیفیت کے بعد اب یہ تیسری اسمبلی وجود میں آئی ہے اور مجھے گمان ہے کہ اس بار سلسلہ ماضی سے نکل کر چلے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کا مضبوط یونا بہت ضروری ہے، اس کے بغیر حکومت نہیں چل سکتی، اب ہمیں اسمبلی کو اہمیت بھی دینی ہے اور عزت بھی، وزیر اعظم کو اب ڈرائیونگ سیٹ پر خود بیٹھنا پڑے گا، پچھلی اسمبلیوں میں اختلاف کے باوجود بڑے بڑے فیصلے ہوئے جو حکومت اور اپوزیشن کے مشترکہ فیصلے تھے، موجودہ اسمبلی میں بھی سب لیڈرز کی بات چیت اچھا شگون ہے۔


متعلقہ خبریں