گرے لسٹ کا معاملہ، ایف اے ٹی ایف کا وفد پاکستان پہنچ گیا


اسلام آباد: پاکستان کو فراہم کردہ 12 نکات کا تفصیلی جائزہ لینے کے لیے فائننشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کا وفد اسلام آباد پہنچ گیا ہے۔

وفد پاکستانی وزارت خارجہ اور وزارت داخلہ کے حکام سے ملاقاتیں کرے گا، ملاقاتوں کے دوران دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے اور منی لانڈرنگ کے خلاف اقدامات پر بات چیت ہو گی۔

ایف اے ٹی ایف کا وفد 16 اگست تک پاکستان میں  رہے گا اس دوران وفد کے ارکان کو مختلف وزارتوں اور محکموں کی جانب سے خصوصی بریفنگ دی جائے گی۔

‏وفد میں ایشیا پیسیفک گروپ (اے پی جی) کے ارکان شامل ہیں، اے پی جی ایک عالمی تنظیم ہے جس کا مقصد منی لانڈرنگ کی روک تھام، دہشت گردوں کی مالی مدد پر پابندیاں اور بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کے لیے رقوم کی فراہمی روکنا ہے۔

رواں سال جون میں ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کو گرے لسٹ میں ‏شامل کیا تھا جس کے بعد پاکستان کو منی لانڈرنگ روکنے، دہشت گردوں کی مالی معاونت پر پابندی لگانے اور کالعدم تنظیموں کے خلاف ضروری اقدامات کرنے کے لیے 31 اکتوبر 2019 تک کا وقت مل گیا تھا۔


متعلقہ خبریں