دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے لیے پاک فوج دیامر پہنچ گئی

دیامر پہنچنے پر پاک فوج کا پرجوش استقبال

دیامر: پاک فوج، فرنٹیئر کور اور پولیس کی بھاری نفری دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے لیے گلگت بلتستان کے ضلع دیامر پہنچ گئی ہے، شاہراہ قراقرم سے ہزاروں کی تعداد میں لوگوں  اور دیامر جرگے  کے عمائدین نے سیکیورٹی  فورسز کا شاندار استقبال کر کے ریلی کی شکل میں داریل اور تانگیر پہنچایا۔

علاقے کے لوگوں نے دیامر جرگے کے اعلان کے بعد پہاڑوں پر چڑھ کر سہولت کاروں اور دہشت گردوں کی تلاش شروع کر دی ہے جبکہ داریل میں 4 دہشت گردوں کو جرگے نے اپنی تحویل میں لے لیا ہے جنہیں منگل کو پولیس کے حوالے کر دیا جائے گا۔

ڈپٹی انسپکٹرجنرل (ڈی آئی جی) پولیس گوہر نفیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے دہشت گردوں اور سہولت کاروں کی فہرست جرگے کے حوالے کر دی ہے، اگر جرگہ انہیں حکومت کے حوالے کرنے میں ناکام رہا تو وسیع پیمانے پر آپریشن کے سوا کوئی چارہ نہیں رہے گا، انہوں نے 4 دہشت گردوں کی گرفتاری کی تصدیق بھی کر دی ہے۔

رواں ماہ کے آغاز میں ضلع دیامر کے کئی اسکولوں کو نذرآتش کر دیا گیا تھا جبکہ چند اسکولوں کو دھماکہ خیز مواد سے تباہ کیا گیا تھا جس کے بعد پولیس نے وسیع پیمانے پر دہشت گردوں کی تلاش شروع کر دی تھی۔


متعلقہ خبریں