اہم فیصلے پارلیمنٹ میں کریں گے، عمران خان


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)  کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ان کی حکومت تمام  اہم  ملکی  فیصلے پارلیمنٹ میں کرے گی۔

پی ٹی آئی ارکان اور اتحادیوں کے اعزاز میں دیے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف پارلیمنٹ کو مضبوط  کرے گی، وہ خود ایوان میں بیٹھا کریں گے اور ارکان کے سوالوں کے جواب دیا کریں گے۔

عمران خان نے حکومت سازی میں تعاون پر اتحادیوں کا شکریہ ادا کیا اور اس بات کی یقین دہائی کرائی کہ ان کی حکومت اپنے اتحادیوں کو ساتھ  لے کر چلے گی۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نون نے ہمارے مطالبے پر حلقے نہیں کھولے تھے لیکن ہم انتخابی حلقے کھولنے کے لیے تیار ہیں، انتخابات میں ووٹ خریدنے کا کلچر تبدیل ہونا چاہیے، پاکستان تحریک انصاف اس کلچر کے سامنے رکاوٹ بنے گی۔

انہوں نے اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کے نام پر اتحادیوں کو اعتماد میں بھی لیا۔

اس سے قبل پی ٹی آئی کے مرکزی ترجمان فواد چوہدری نے اعلان کیا تھا کہ ان کی جماعت نے اسد قیصر کو قومی اسمبلی کے اسپیکر جبکہ بلوچستان کے قاسم سوری کو ڈپٹی اسپیکر کے لیے نامزد کیا ہے۔


متعلقہ خبریں