افریقی ملک میں پھنسے پی آئی اے طیارے نے اڑان بھر لی

افریقی ملک میں پھنسے پی آئی اے طیارے نے اڑان بھر لی | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: گزشتہ چار روز سے افریقی ملک برونڈی کے شہر بیجامبورا میں پھنسے پی آئی اے کے بوئنگ 777 طیارے نے واپسی کے لیے اڑان بھر لی۔

قومی ائیر لائن کی جانب سے تصدیق کی گئی ہے کہ چار روز سے برونڈی میں رکا ہوا طیارہ وہاں سے روانہ ہو گیا ہے۔ پی آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ دوردراز افریقی شہر میں موجود طیارہ ایئرپورٹ پر ضروری تعاون (گراؤنڈ سپورٹ) کے لیے دستیاب آلات نہ ہونے کی وجہ سے روکا گیا تھا۔

کسی بھی طیارے کے اڑان بھرنے کے لیے زمین پر کچھ مخصوص آلات لازم ہوتے ہیں جو پائلٹ کو جہاز اڑانے کے لیے مطلوب اعدادوشمار اور معاونت فراہم کرتے ہیں۔ افریقی شہر کے ایئرپورٹ پر یہ آلات دستیاب نہ تھے جو قومی ایئرلائن کی فلائٹ پی کے 8001 کے طے شدہ فلائنگ شیڈول میں تبدیلی کی وجہ بنے۔

پی آئی اے کے ترجمان مشہود تاجور کے مطابق قومی ایئرلائن کے صدر اور چیف ایگزیکٹو افسر مشرف رسول کی ذاتی کاوشوں اور نگرانی کی وجہ سے طیارے کی واپسی کا انتظام ممکن ہو پایا ہے۔

مشرف رسول نے طیارے کی واپسی یقینی بنانے کے لیے کردار ادا کرنے پر پی آئی اے کے فلائٹ آپریشنز، انجنئیرنگ، فلائٹ سروس شعبوں اور کاک پٹ عملے کو مبارکباد دی ہے۔

پی آئی اے کی فلائٹ پی کے 8001 350 مسافروں کو لے کر افریقی ملک برونڈی کے شہر بجامبورا سے اسلام آباد پہنچی ہے۔


متعلقہ خبریں