امریکی پابندیوں پر عمران خان کا ترکی سے اظہار یکجہتی

پاکستان کی سیاست اور کپتان

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور وزیراعظم کے نامزد امیدوار عمران خان نے امریکہ کی جانب سے ترکی پر لگائی جانے والی پابندیوں پر ترک عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

عمران خان نے اپنے خیر سگالی کے پیغام میں کہا ہے کہ میں طیب ایردوان  اور ترک عوام کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ میری اور میری قوم کی دعائیں ان کے ساتھ ہیں۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے ترک صدر طیب ایردوان کو امید دلائی ہے کہ وہ پہلے کی طرح اس بار بھی عوام کے ساتھ مل کر معاشی چیلنجز پر قابو پالیں گے۔

انہوں نے کہا کہ تاریخ شاہد ہے کہ ترکوں نے ہمیشہ مشکلات کو للکارا ہے اور ترک بحثیت قوم ہر آزمائش میں سے سرخرو ہوکر نکلے ہیں اس بار بھی ہمیں قوی یقین ہے کہ ترکی درپیش سنگین اقتصادی بحران سے بھی کامیابی سے نمٹ لے گا۔

دوسری جانب پاکستان نے امریکی پابندیوں کی بھرپورمخالفت کرتے ہوئے ترکی کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ پاکستانی دفترخارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ تمام مسائل کا حل مذاکرات، باہمی اتفاق رائے اور خیرسگالی میں ہے۔

امریکہ کی جانب سے ترکی کی اسٹیل اور ایلومینیم پر محصول بڑھا دیا گیا ہے جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں مزید کشیدگی آئی ہے۔

امریکی پابندیوں کا ذکر کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک ٹویٹ میں کہا تھا کہ  لیرا (ترک کرنسی) ہمارے مضبوط ڈالر کے مقابلے میں کمزور تھا‘ اور یہ کہ اس وقت امریکہ کے ترکی کے ساتھ تعلقات اچھے نہیں ہیں۔

ترک صدر نے کہا ہے کہ اگر امریکہ کی جانب سے رویہ تبدیل نہ ہوا تو ترکی نئے اتحادی تلاش کر سکتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ترکی کسی بحرا ن سے دوچار نہیں ہے اورنہ ہی ملک دیوالیہ ہونے کے قریب ہے۔

ترکی نے روس نے فضائی دفاعی نظام خریدا تھا جسے امریکہ کی جانب سے اچھی نظروں سے نہیں دیکھا گیا اس کے بعد ترک ریاست کی سلامتی کے خلاف کام کرنے والے دہشتگردوں سے رابطوں کے الزام میں ایک امریکی پادری کو حراست میں لیے جانے نے معاملہ کو مزید گھمبیر کر دیا۔

امریکا کا مطالبہ ہے کہ ترکی ان کے پادری کو فورا رہا کرے جب کہ ترکی کا موقف ہے کہ دہشتگردوں سے رابطوں کے واضح اور ناقابل تردید ثبوتوں کی روشنی میں امریکی پادری کے مستقبل کا فیصلہ عدالتیں کریں گی۔


متعلقہ خبریں