گواسکر کے بعد کپل کی معذرت: سدھو آنے پر آمادہ


اسلام آباد: پاکستان کے متوقع وزیراعظم عمران خان کی تقریب حلف برداری میں بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سنیل گواسکر کے بعد آل راؤنڈر کپل دیو نے بھی شرکت سے معذرت کرلی ہے۔

اپنے زمانے کے شہرہ آفاق بھارتی کرکٹر کپل دیونے بھارتی ٹی وی اے بی پی نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ ذاتی مصروفیات کے سبب پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شریک نہیں ہوسکیں گے۔

کپیل دیو نے دعوت نامہ بھیجنے پر عمران خان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ میں مدعو کیے جانے پر مشکور ہوں لیکن کچھ ذاتی مصروفیات آڑے آرہی ہیں۔

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کپیل دیو کی جانب سے کچھ عرصہ پہلے یہ مؤقف سامنے آیا تھا کہ اگر انہیں تقریب حلف برداری میں مدعو کیا گیا تو وہ ضرور جائیں گے مگر اب انہوں نے شرکت سے معذرت کرلی ہے۔

80 اور90 کی دہائی کے شہرہ آفاق اوپننگ بلے باز سنیل گواسکر نے کرکٹ کمنٹری میں مصروفیات کے سبب پہلے ہی معذرت کرلی تھی۔

بھارت کے کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو البتہ تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے آنے پر اپنی آمادگی ظاہر کرچکے ہیں اور میڈیا کے مطابق انہوں نے ویزے کے لیے پاکستانی ہائی کمیشن سے رابطہ بھی کیا ہے۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے سنیل گواسکر، کپیل دیو اورنوجوت سنگھ سدھو کو تقریب حلف برداری میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی۔

نوجوت سنگھ سدھو اپنے زمانے کے عالمی شہرت یافتہ بلے باز تھے لیکن 1990 میں ایک میچ کے دوران پاکستانی فاسٹ باؤلر وقاریونس نے انہیں صفر پر آؤٹ کیا تو شائقین کرکٹ میں اس واقعہ کو غیرمعمولی شہرت ملی۔

نوجوت سنگھ  سدھو طویل عرصے سے بھارتی ٹی وی پر کام کررہے ہیں۔ وہ زیادہ تر کامیڈی شوزمیں جج کے فرائض سرانجام دیتے ہیں۔

کپیل شرما کے شو سے انہیں بے پناہ مقبولیت ملی اور میزبان نے اپنے شوز میں درجن مرتبہ سے زائد دفعہ ’سدھو پاجی‘ کے صفر پر آؤٹ ہونے کا واقعہ سنا کر حاضرین کو بہت محظوظ کیا۔

 


متعلقہ خبریں