روس اور چین نشانہ،امریکہ کے دفاعی بجٹ پر دستخط


واشنگٹن: امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سال 2019 کے لیے دفاعی اخراجات کے بل پر دستخط کردیے ہیں۔  716 ارب ڈالرز کے بل میں امریکی افواج کی تنخواہوں میں دو اعشاریہ چھ فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق امریکی صدر کو روس سے اسلحہ خریدنے والوں کے خلاف پابندیاں لگانے اورامریکی اسلحۃ نہ بیچنے کا حق بھی دیا گیا ہے۔ بل میں چینی ٹیکنالوجی کمپنی ’زیڈ ٹی ای‘ کو ریلیف دیا گیا ہے۔

 

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی تقریر میں نیشنل ڈیفنس آتھرائزیشن ایکٹ کو امریکی فوج کےلیے بہترین سرمایہ کاری قرار دیا۔ انہوں نے دعوٰیٰ کیا کہ بہت جلد ہم دشمنوں سے خلا میں اسلحہ اسٹور کرنے کی دوڑ مٰیں بھی آگے ہوں گے۔

چین نے امریکہ کے نئے دفاعی قانون پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے جس کے تحت کیے جانے والے اقدامات میں چین کو نشانہ بنایا گيا ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق چین کا ردعمل ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دنیا کی دو بڑی معیشتوں کے درمیان رشتے تلخ ہیں اور دونوں ایک دوسرے ممالک کی مصنوعات پر محصول بڑھا رہے ہیں۔

بی بی سی کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دستخط سے منظور ہونے والے قانون میں چین کے ساتھ  طویل المدتی فوجی مقابلے کو امریکہ کی اہم ترجیحات میں شامل کیا گیا ہے جس میں خود مختار تائیوان کی دفاعی صلاحیت میں اضافہ کیا جانا بھی شامل ہے۔

چین تائیوان کو اپنی گمراہ ریاست قرار دیتا ہے۔

چین کی وزارت خارجہ نے ایک علیحدہ بیان میں واضح کیا ہے کہ چین کے شدید اعتراض کے باوجود امریکہ نے قانون منظور کر لیا ہے۔


متعلقہ خبریں