کوئٹہ: جشن آزادی ریلی میں 3 کلومیٹر طویل پرچم کی رونمائی


کوئٹہ:  روشن بلوچستان الائنس کی جانب سے نکالی گئی جشن آزادی کی ریلی مستونگ سے کوئٹہ پہنچ گئی، ریلی  میں 3 کلو میٹر طویل قومی پرچم  بھی لہرایا گیا۔

ملک بھر کی طرح  بلوچستان میں جشن آزادی بھرپور طریقے سے منایا جا رہا ہے، روشن بلوچستان کی جانب سے مستونگ سے جشن آزادی ریلی نکالی گئی جو طویل سفر طے کرنے کے بعد کوئٹہ پہنچ گئی جہاں ریلی کا بھرپور استقبال کیا گیا۔

ریلی کے موقع پر 3 کلو میٹر طویل قومی پرچم کی رونمائی بھی کی گئی جس کی تیاری میں تقریباً  دو ماہ  لگے، 3 کلومیٹر طویل پرچم بنانے والے گروپ نے ہی 2004 میں پاکستان کا طویل ترین پرچم لہرایا تھا اور 2018  میں 3 کلومیٹر طویل پرچم  لہرا کر اپنا ہی بنایا ہوا ریکارڈ توڑ دیا۔

ریلی میں شریک سینکڑوں افراد نے قومی پرچم اٹھا رکھے تھے جن کے سینوں پر پاکستانی پرچم کے بیجز بھی آویزاں تھے، شرکا پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگاتے رہے جبکہ ریلی میں ملی نغمے بھی  گونجتے رہے۔

ریلی کوئٹہ پہنچنے کے بعد شہر کی مختلف شاہراہوں  پر گشت کے بعد اختتام پذیر ہوئی۔


متعلقہ خبریں