ابھی تو پارٹی شروع ہوئی ہے، نہال ہاشمی


اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ ابھی تو پارٹی شروع  ہوئی ہے، عمران خان اقتدار میں آ جائیں پھر ہم  دیکھتے ہیں کہ وہ کیا کارنامے انجام دیتے ہیں، ابھی کوئی تبصرہ کرنا مناسب نہیں۔

’ہم نیوز‘  کے پروگرام ’نیوز لائن‘  کی میزبان ڈاکٹر ماریہ ذوالفقار سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سید خورشید احمد شاہ ہمارے امیدوار ہیں اور اپوزیشن جس کی نامزدگی کا فیصلہ کرے گی ہم اسے دل سے قبول کریں گے۔

نہال ہاشمی کا کہنا تھا کہ نواز شریف واحد لیڈر ہیں جو اپنی بیٹی کے ساتھ  وطن واپس آئے جبکہ انہیں علم تھا کہ انہیں سزا ہو گی، پیپلز پارٹی ایک میچور پارٹی ہے وہ اپنے فیصلے  ہم  پر مسلط نہیں کرتی۔

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما میاں عتیق کا کہنا تھا کہ پوری قوم 22 سال سے عمران خان کی جدوجہد دیکھ  رہی ہے، وہ لوگوں کے لیے ایک امید ہیں۔

ایم کیو ایم  کے رہنما کا کہنا تھا کہ عمران خان نے بہت دعوے کیے ہیں اور اب وقت آ گیا ہے کہ وہ اپنی کہی ہوئی باتوں پر عمل کر کے دکھائیں۔

اپوزیشن کے احتجاج میں  نون لیگ کے جھنڈے نظر نہیں آئے البتہ عوامی نیشنل پارٹی کے کافی کارکن موجود تھے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر رمیش کمار کا کہنا تھا کہ لوگوں کو پاکستان سے محبت ہے، عوام جوش وجذبے کے ساتھ آزادی کا دن منا رہے ہیں، وہ اپنے گھروں سے ووٹ دینے کے لیے بھی اسی جوش سے نکلے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ہر سیاسی جماعت میں مختلف قسم کے لوگ شامل ہوتے ہیں لیکن اصل اہمیت پارٹی رہنما کی ہوتی ہے، عوام کو پی ٹی آئی سے بہت امیدیں وابستہ ہیں، ایک اچھی ٹیم کے ساتھ  عمران خان نیا پاکستان سامنے لا سکتے ہیں۔

رمیش کمار کا کہنا تھا کہ بلیک میل وہ  ہوتا ہے جو اندر سے خراب ہو، اس وقت ہماری ترجیح پہلے 100  دن کے دوران اچھی کارکردگی دکھانا ہے۔

پیپلز پارٹی کے رہنما  بیرسٹر عامر حسن کا کہنا تھا کہ پنجاب کا جو چہرہ عمران خان نے دکھایا ہے وہ چوہدری برادران کا ہے، اب پاکستان میں نفرت کو بڑھاوا دیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ تحریک انصاف کے پیچھے کونسی قوتیں کھڑی ہیں جنہوں نے انہیں یہاں تک پہنچایا، آج کا منظر نامہ کوئی نیا نہیں، کچھ  سال پیچھے چلے جائیں تب بھی یہی باتیں تھیں۔

ڈاکٹر رمیش کمار کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ پہلے نون لیگ کے ساتھ  تھے اور 5 سال تک نواز شریف کے گن گاتے رہے، اب انہیں عمران خان اچھے لگ رہے ہیں۔

اپوریشن کے حوالے سے بیرسٹر عامر حسن نے کہا کہ اپوزیشن کے آپس میں اختلافات نہیں ہوں گے، اپوزیشن ہمیشہ پارلیمنٹ میں اچھا کردار ادا کرتی ہے اور کرتی رہے گی۔


متعلقہ خبریں