جسمانی معذوری کے باوجود منفرد شاہکار بنانے والا آرٹسٹ

جسمانی معذوری کے باوجود منفرد شاہکار بنانے والا آرٹسٹ|humnews.pk

لاہور: کہتے ہیں انسان اگر کچھ  کرنے کا سوچ  لے تو وہ ہر رکاوٹ کے باوجود  کام کرگزرتا ہے، لاہور کا باہمت اورحوصلہ مند آرٹسٹ محمد عظیم  بھی کچھ ایسے ہی جذبے رکھتا ہے جس نے جسمانی معذوری کے باوجود منفرد شاہکار تخلیق کر کے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح ، علامہ اقبال اوردوسری اہم شخصیات سے عقیدت کا اظہارکیا ہے۔

تمام پاکستانیوں کی طرح عظیم بھی قائداعظم محمد علی جناح، علامہ اقبال اور قیام پاکستان میں کردارادا کرنے والی عہد ساز شخصیات سے والہانہ عقیدت رکھتا ہے اور ان  کے پورٹریٹ بنا کر محبت کا اظہار بھی کرتا ہے جبکہ گزشتہ 13 سال سے یہی کام کررہا ہے، عظیم کا کام بالکل ایسا ہی ہے جیسے اسے کسی ایسے آرٹسٹ نے بنایا ہو جس کے ہاتھ پاؤں سلامت ہوں۔

’ہم نیوز‘ سے بات کرتے ہوئےعظیم  نے بتایا کہ اس نے معذوری کو اپنی کمزوری نہیں بنایا کیونکہ انسان اگر خلوص اور ہمت کے ساتھ  کوئی کام کرنے کی ٹھان لے تو اسے دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی، جو لوگ ہمت ہار جاتے ہیں وہ ایک بار ہمت کریں کیونکہ ہم بھی کسی سے کم نہیں۔

عظیم نے بتایا کہ اس نے  2005 میں اس کام کا آغاز کیا تھا اور وہاں سے اس نے سیکھا کہ کیسے کام کیا جاتا ہے، اب تک وہ 22 تصویریں بنا چکا ہے۔

اس باہمت آرٹسٹ کے دلکش اورخوبصورت فن پاروں کی نمائش الحمرا آرٹس کونسل میں کی گئی جس کا  افتتاح ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) پنجاب رینجرز میجرجنرل اظہر نوید حیات نے کیا۔

پاکستانی قوم میں صلاحیتوں کی کمی نہیں اورعظیم جیسی ہزاروں مثالیں ہمارے ملک میں موجود تو ہیں لیکن نظروں سے اوجھل ہیں  کیونکہ انہیں ایسے مواقع اور حوصلہ افزائی نہیں ملتی جس کے وہ حق دار ہیں، عظیم  جیسے لوگوں کو آگے آںے کا موقع اسی وقت مل سکتا ہے جب ان کی حوصلہ افزائی کی جائے۔


متعلقہ خبریں