’پرواز ہے جنوں’ کے شاہینوں نے لاہور میں ڈیرے ڈال لیے


لاہور: مومنہ اینڈ درید پروڈکشنز کے بینر تلے بننے والی فلم ‘پرواز ہے جنوں’ کے مرکزی کردار تشہیر کے سلسلے میں زندہ  دلوں کے شہر لاہور پہنچ  گئے ہیں۔

فلم کے مرکزی کردار اس وقت لاہور کے یونیورسل سنیما پہنچے جب لوگ فلم دیکھنے میں مصروف تھے، مداحوں نے  حمزہ علی عباسی، احد رضا میر اور ہانیہ  عامر کا زوردار تالیوں کی گونج میں استقبال کیا۔

فلم کے کرداروں کی آمد کے باعث فلم درمیان میں روک دی گئی، ہال میں موجود لوگوں نے ‘ پرواز ہے جنوں’ کے شاہینوں سے ان کی ذاتی زندگی اور فلم میں ان کے کرداروں کے حوالے سے دلچسپ اور مزے دار سوالات  کیے۔

اس موقع  پر بات کرتے ہوئے ہانیہ عامر نے ہال میں موجود لوگوں سے درخواست کی کہ وہ سب ‘پرواز ہے جنوں’ دیکھنے کے لیے تشریف لائیں۔

فلم کی کاسٹ آج رات لاہور کے پیکیجز (Packages) مال جبکہ کل امپوریم مال میں مداحوں سے ملاقات کرے گی۔

حمزہ علی عباسی اور فلم کی مرکزی کاسٹ  نے دو دن قبل اسلام آباد  کے مشہور سینٹورس مال اور جناح پارک میں واقع سنی پیکس میں پرستاروں سے ملاقات کے دوران ان کے دل موہ لیے تھے۔

’پرواز ہے جنوں‘  کی ریلیزمیں چند دن باقی ہیں،  فلم  کے ٹریلر نے پہلے ہی سوشل میڈیا سے لے کر بین الاقوامی میڈیا تک میں دھوم مچا رکھی ہے۔

ٹریلر کے ساتھ  ساتھ  فلم کی موسیقی نے بھی خاصی داد وصول کی ہے، کامیاب تشہیری مہم کے ساتھ  ساتھ  جاندار ٹریلر اور سپرہٹ گانوں نے ریلیز سے پہلے ہی فلم کی مقبولیت کو چار چاند لگا دیے ہیں۔

فلم کے مرکزی کرداروں کا کہنا ہے کہ مومنہ اینڈ  درید پروڈکشنز کے بینر تلے بننے والے ڈراموں اور فلموں کی کامیابی کی بڑی وجہ  یہی ہے کہ ان کے ساتھ  کام کرنے والی  پروڈکشن ٹیم اور فن کاروں سمیت ہر شخص لگن، محنت اور جنوں سے کام کرتا ہے، اور ان سب کو یقین ہے کہ ’پرواز ہے جنوں‘  بھی لوگوں کے دلوں میں گھر کر جائے گی۔


متعلقہ خبریں