پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی نے مار پیٹ پر شہری سے معافی مانگ لی


کراچی: پا کستان تحریک انصاف کے  نو منتحب  رکن سندھ  اسمبلی ڈاکٹر عمران علی شاہ نے داور نامی نوجوان سے  اپنے رویے  اور مار پیٹ پر غیر مشروط معافی مانگ لی ہے۔

ڈاکٹر عمران علی شاہ معافی کے لیے رات گئے داود کے گھر پہنچے، پی ٹی آئی کراچی کے صدر فردوس شمیم نقوی بھی ان کے ہمراہ تھے۔

عمران علی شاہ کے گڑگڑانے  پر نیشنل اسٹیڈیم کی سڑک پر تھپڑ کھانے والے داود نے انہیں معاف کردیا۔

اس سے پہلے پا کستان تحریک انصاف نے پارٹی کے نو منتحب رکن سندھ اسمبلی ڈاکٹر عمران علی شاہ کی جانب سے شہری پر تشدد کے واقعے کے بارے میں ’ہم نیوز‘ کی خبر پر نو ٹس لے لیا تھا۔

پی ٹی آئی کراچی کے صدر فردوس  شمیم نقوی نے ڈاکٹر عمران شاہ کی شہری پر تشدد کی وائرل ہونے والی وڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل جنرل سیکریٹری ایم پی اے سدرہ عمران کو ہدایت کی تھی کہ  ڈاکٹر عمران علی شاہ کو شوکاز نوٹس جاری کیا جائے۔ نو ٹس میں ڈاکٹر عمران شاہ سے  24  گھنٹوں کے اندر مذکورہ  واقعے کی مکمل وضاحت دینے کا کہا گیا تھا۔

سدرہ عمران نے کہا تھا کہ اگر عمران شاہ نے وضاحت نہ دی تو معاملہ ڈسپلنری کمیٹی کے سپرد کردیا جا ئے گا، انہوں  نے کہا تھا کہ  ویڈیو میں دیکھا جانے والا رویہ کسی صورت  قابل قبول نہیں۔

ایم پی اے عمران علی شاہ نے راستہ نہ  دینے پر شہری کو گارڈز کی مدد سے تشدد کا نشانہ بنایا تھا اور اس کی  ویڈَیو سوشل میڈیا  پر وائرل ہو گئی تھی۔

’ہم نیوز‘  پر مذکورہ واقعے کے خبر چلنے کے بعد عمران علی شاہ نے ایک بیان میں وضاحت کی تھی کہ گاڑی والا انہیں گالیاں دے رہا تھا، میں نے مارا نہیں، صرف دھکا دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ  مذکورہ شہری ایک اور گاڑی والے کو مسلسل تنگ کر رہا تھا، میں نے گاڑی روک کر اسے ایسا کرنے سے منع کیا تھا۔


متعلقہ خبریں