پاکستانی روپے کی قدر میں اضافہ، ڈالر سستا ہوگیا

rupee

مالی سال 22-2021 وفاقی سرکاری اداروں میں900 ارب کے مبینہ غبن کا انکشاف


کراچی: کرنسی مارکیٹ میں پاکستانی روپے کی قدرمیں بہتری آئی ہے اور امریکی ڈالر سستا ہوگیا ہے۔ فاریکس ڈیلرز کے مطابق انٹر بینک میں ڈالر 17 پیسے سستا ہوا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق کرنسی مارکیٹ کے مطابق انٹر بینک میں ڈالر 123.92 روپے سے کم ہو کر 123.76 روپے کا ہوگیا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سابقہ حکومت کے آخری دور میں امریکی ڈالر کی قدر میں بے پناہ اضافہ دیکھنے میں آیا جس کا تسلسل موجودہ نگراں حکومت میں بھی برقرار رہا۔امریکی ڈالر نے ملکی تاریخ میں بلند ترین سطح کوبھی چھوا تھا۔

پاکستانی روپے کی قدر گرنے سے اچانک ملک میں مہنگائی کا ایک طوفان کھڑا ہوا اوروہ تمام اشیا زیادہ مہنگی ہوئیں جو یا تو بیرون ملک سے درآمد کی جاتی ہیں اوریا جن کی تیاری میں درآمد شدہ سامان کا استعمال ہوتا ہے۔

مقامی سطح پر گاڑیاں اسمبل والی کمپنیز نے بھی اپنی مصنوعات کی قیمتیں گزشتہ ایک سال کے دوران ایک سے زائد مرتبہ بڑھائی ۔ اسی صورتحال کے باعث موٹرسائیکلوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ کیا گیا۔

نگراں حکومت کی وفاقی خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر ہیں جو اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی گورنر بھی رہ چکی ہیں۔

پاکستان میں کرنسی کے کاروبارسے وابستہ ماہرین کے مطابق فاریکس مارکیٹ میں یومیہ دس کروڑ ڈالرز کی خرید و فروخت ہوتی ہے۔

امریکی ڈالر کی قدر میں ہونے والے غیرمعمولی اضافے کے متعلق ایکسچینج کمپنیز آف پاکستان کے جنرل سیکریٹری ظفر پراچہ نے گزشتہ دنوں برطانوی نشریاتی ادارے کو دیے گئے اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ پاکستانی روپے کی قدر میں اچانک کمی اورڈالر کی قیمت میں ہونے والے اضافے کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ ہم بیک وقت دو کشتیوں کے سوار ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں ایک پالیسی بنانی چاہیے۔ اس ضمن میں ان کا کہنا تھا کہ یا تو ڈالر کی قیمت کو اسٹیٹ بینک ریگولیٹ کرے اور یا پھر اسے اوپن مارکیٹ پر چھوڑ دیا جائے۔

ملکی و غیر ملکی ماہرین معاشیات امریکی ڈالر کی قدر میں اچانک ہونے والی غیر معمولی تبدیلی کی ایک وجہ تجارتی عدم توازن کو قرار دیتے ہیں جس کی وجہ سے ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر میں خطرناک حد تک کمی آئی اور نتیجتاً ڈالر کی قیمت میں ریکارڈ اضافہ دیکھا گیا۔

ظفر پراچہ نے واضح کیا تھا کہ ایک جانب ہم چاہتے ہیں کہ ڈالر اوپن مارکیٹ میں فلوٹ ہوں تو دوسری جانب حکومت کی خواہش ہے کہ کوئی ڈالر خرید کر باہر نہ لے جائے۔

ملکی و عالمی ماہرین معاشیات امریکی ڈالر کی قدر میں ہونے والے اضافے اور پاکستانی کرنسی کی بے قدری کی ایک بڑی وجہ ان وعدوں کو بھی قرار دیتے ہیں جو ماضی کی حکومتیں آئی ایم ایف، ورلڈ بینک اور ایشین ڈیولپمنٹ بینک سے لیے جانے والے قرضوں کے مواقع پر کرتی آئی ہیں جن میں سے ایک ملکی کرنسی کی قدر بتدریج کم کرنا بھی شامل ہے۔


متعلقہ خبریں